ٹرمپ پر بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کو 2003ء میں تحفہ دینے کا الزام، تحفہ کے کارڈ پر برہنہ خاتون کا خاکہ
واشنگٹن، 19 جولائی (یو این آئی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل اور اس کے مالک روپرٹ مرڈوک کے خلاف 10 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائرکر دیا۔رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے کمسنوں سے جنسی تعلق میں ملوث بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کو 2003میں اس کی 50 ویں سالگرہ پر تحفہ بھیجا تھا۔امریکی اخبار کے مطابق سالگرہ پر بھیجے گئے اس کارڈ میں لکھا تھا کہ جیفری،ہم میں بہت سے چیزیں مشترک ہیں۔ زندگی کے معنی سب کچھ حاصل کرنے سے زیادہ ہونے چاہئیں ۔سالگرہ مبارک ہو اور میری خواہش ہے کہ تمہارا ہر روز شاندار رازوں سے بھرا ہو۔اخبار کا دعویٰ تھا کہ اس نے ٹائپ شدہ خط دیکھا ہے جس پر خاتون کی برہنہ تصویر کا اسکیچ ہے اور اس پر ٹرمپ نے ڈونلڈ لکھ کر دستخط کیے تھے تاہم صدر ٹرمپ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے ایپسٹین کو سالگرہ پر خط بھیجا تھا اور یہ بھی کہ انہوں نے تصویر بھی نہیں بنائی تھی۔صدر ٹرمپ نے اخبار وال اسٹریٹ جرنل، ڈاو جونز اور روپرٹ مرڈوک کے خلاف مقدمہ فلوریڈا کے سدرن ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر کیا ہے اور اخبار کے دعوے کو جھوٹا اور توہین آمیز قراردیا ہے ۔صدر ٹرمپ نے فاکس کارپوریشن کے سربراہ روپرٹ مرڈوک کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ متمنی ہیں کہ روپرٹ مرڈوک کو عدالت میں پیش ہوکر گواہی دیتا دیکھیں۔یہ بہت دلچسپ تجربہ ہوگا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اخبار، اس کے مالک اور ایڈیٹر کو خبردار کیا تھا کہ یہ خط نہ چھاپیں کیونکہ یہ جھوٹ کاپلندہ ہے ۔انہوں نے زندگی میں کبھی کوئی تصویر بنائی ہی نہیں اور یہ بھی کہ وہ عورتوں کی تصویروں کے اسکیچ نہیں بناتے ۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ جو زبان ان سے منسوب کی گئی ہے وہ بھی ان کی نہیں۔ وہ ایسے الفاظ لکھتے ہی نہیں۔ دوسری جانب کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ردعمل میں وہ تصویر جاری کی جو صدر ٹرمپ نے مبینہ طورپر ایک چیریٹی کو عطیہ کی تھی۔ سابق رکن کانگریس ایڈم کنزنگر نے بھی درجنوں تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ٹرمپ کو ڈرائنگ کرنا بہت پسند ہے ۔
ٹرمپ کے جینیس قانون پر دستخط
واشنگٹن 19جولائی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج جینیس ایکٹ پر دستخط کیے جس کے بعد اب یہ قانون بن گیاہے ۔ یہ ایک تاریخی اہمیت کا حامل بل ہے جو ادائیگی کے اسٹیبل کوائنز کے لیے ایک انضباطی فریم ورک قائم کرتا ہے ۔ یہ امریکہ کی ڈیجیٹل کرنسی پالیسی میں ایک اہم لمحہ ہے ۔باضابطہ طور پراس کا عنوان گائیڈنگ اینڈ اسٹیبلشنگ نیشنل انوویشن فاریوایس اسٹیبل کوائنز ایکٹ رکھا گیا ہے ۔ یہ قانون ڈالر پر مبنی اسٹیبل کوائنز کو منضبط کرنے اور عالمی کرپٹو معیشت میں امریکہ کی پوزیشن کو تقویت دینے کے لیے بنایا گیاہے ۔اس قانون پر دستخط کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہاکہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ ہم امریکہ کی آزادی اور قیادت کو واپس لائیں گے اورامریکہ کو دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بنائیں گے ۔