نیویارک ۔22 ستمبر (ایجنسیز) ڈونالڈ ٹرمپ نے چارلی کرک کی آخری رسومات میں رقص اور مسکراہٹ کے ساتھ شریک ہوکر نیا تنازعہ کھڑاکردیا۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کنزرویٹو کارکن چارلی کرک کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے اختتام پر ان کی اہلیہ (بیوہ) ایریکا کرک کو اسٹیج پر مدعوکیا۔ ٹرمپ اور ایریکا نے اسٹیڈیم میں بجائے جانے والے امریکی ترانے “امریکا دی بیوٹی فل” کے ساتھ کھڑے ہو کرگنگنایا اور بیوہ کے ساتھ جھومتے نظر آئے۔ یہ مناظر ناقدین کے مطابق ایک سوگوار تقریب کے بجائے انتخابی ریلی سے مشابہ لگے۔ بعض تجزیہ نگاروں نے کہا کہ ٹرمپ نے مرنے والے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے بجائے اسے سیاسی تقاریر اور اپنے مخالفین پر تنقید کا موقع بنایا۔ ٹرمپ نے چارلی کرک کو محب وطن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پر حملہ دراصل امریکا پر حملہ ہے۔ تاہم اختتامی لمحات میں ان کا انداز اور محفل کا رنگ، سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا باعث بن گیا، جہاں کچھ لوگوں نے اسے بیوہ کے ساتھ یکجہتی کی علامت قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے نامناسب اور غیر سنجیدہ رویہ کہا۔