ٹرمپ کی آبنائے ہرمز نہ کھولنے پر ایران کے توانائی مراکز پر حملوں کی دھمکی

   

واشنگٹن،30مارچ (یو این آئی ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 48 گھنٹوں میں آبنائے ہرمز نہ کھولنے پر ایران کے بجلی گھروں، تیل کے کنوؤں اور ڈی سیلی نیشن پلانٹس پر حملوں کی دھمکی دے دی۔ ایکس پر پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ اگر ایران اس لمحے سے اگلے 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کو بغیر کسی خطرے کے مکمل طور پر نہیں کھولتا تو امریکہ ایران کے مختلف بجلی گھروں پر حملہ کرے گا اور انہیں تباہ کر دے گا جس کا آغاز سب سے بڑے بجلی گھر سے کیا جائے گا۔ یہ واضح نہیں کہ وہ کس بجلی گھر کو سب سے بڑا قرار دے رہے ہیں تاہم اشارہ دیا کہ جو بھی سب سے بڑا بجلی گھر ہے وہ تباہ کیا جائے گا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے ۔ٹرمپ کی اس دھمکی کے بعد ایرانی فوج نے کہا کہ اگر ایران کے ایندھن اور توانائی کے ڈھانچے پر حملہ کیا گیا تو وہ خطے میں امریکہ کے تمام توانائی کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنائے گی۔ ٹرمپ کے یہ سخت بیانات اس کے صرف ایک دن بعد سامنے آئے ہیں جب انہوں نے اس جنگ کوختم کرنے کی بات کی تھی، جو انہوں نے 28 فروری کو اسرائیل کے ساتھ شروع کی تھی۔