ٹرمپ کی ایک اور درخواست کا ادخال

   

واشنگٹن : امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو الیکشن مداخلت کیس میں بیان بازی سے روکنے کیلئے عدالت میں درخواست داخل کر دی گئی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیشل کونسل جیک اسمتھ نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ ڈونالڈ ٹرمپ کو ایسے بیانات جاری کرنے سے روکیں جن سے گواہان یا دیگر افراد ہراساں یا خوفزدہ ہو سکتے ہیں۔ جیک اسمتھ کی درخواست ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے 2020 کے صدارتی الیکشن کے نتائج تسلیم نہ کرنے اورمداخلت سے متعلق مقدمے کے بارے میں ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ سال 2024 میں امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی کی طرف سے ایک بار پھر الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق صدر ٹرمپ کو 2020 کا الیکشن خراب کرنے اور خفیہ سرکاری دستاویزات اپنے پاس رکھنے کے متعدد معاملات میں اس وقت 91 ویں کرمنل چارجز کا سامنا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہاتھا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔