اندرون 50 دن یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ نہ ہوا تو اس کا ذمہ دار روس ہوگا
واشنگٹن 15جولائی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نیٹو ممالک کے ذریعہ یوکرین کو ہتھیاربھیجے گا،بی بی سی کے مطابق امریکہ نے روس کو دھمکی بھی دی ہے کہ اگر 50 دنوں کے اندر جنگ ختم کرنے کا معاہدہ نہیں ہوا تو وہ روس پر سخت ٹیرف عائد کر ے گا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں نیٹو کے سربراہ جنرل مارک روٹے سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ یوکرین وہ کر ے ، جو وہ کرنا چاہتا ہے ۔ روٹے نے تصدیق کی کہ امریکہ نے نیٹو کے ذریعے یوکرین کو ضروری سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے اخراجات یورپی ممالک ادا کریں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ یورپی ممالک یوکرین کو اپنا پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام دیں گے ، جس کے ذریعہ یوکرین روس کے مہلک فضائی حملوں کو ناکام بنانے کے لیے انحصار کرتا ہے ، اس کے بعد امریکہ متبادل نظام جاری کرے گا۔ روٹے اور ٹرمپ نے کیف کو بھیجے جانے والے ہتھیاروں کے بارے میں بھی تفصیلات بتائیں، روٹے نے کہا کہ اس معاہدے میں میزائل اور گولہ بارود شامل ہے ۔امریکی صدر کا اسلحہ فراہم کرنے کا وعدہ یوکرین کے لیے بڑا قدم ہے ۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایکس پر کہا کہ انہوں نے روٹے سے ملاقات کے بعد ٹرمپ سے بات کی اور یوکرین کی حمایت کرنے ، جنگ کو روکنے اور دیرپا اور منصفانہ امن کے قیام کے لیے مل کر کام کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صدر ٹرمپ کے ساتھ لوگوں کو روسی حملوں سے بہتر تحفظ فراہم کرنے اور اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات اور حل پر تبادلۂ خیال کیا۔ ہم امن کے قیام کے لیے ہر ممکن حد تک مثبت طریقے سے کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔امریکہ نے روس کے باقی تجارتی شراکت داروں پر اضافی 100 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے ، روس کے ساتھ تجارت کرنے والا کوئی بھی ملک اگر اپنی مصنوعات امریکہ کو فروخت کرنا چاہتا ہے تو اسے اس ٹیکس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مثال کے طور پر اگر ہندوستان روس سے تیل خریدنا جاری رکھتا ہے ، تو ہندوستانی اشیاء خریدنے والی امریکی کمپنیوں کو مصنوعات کے امریکی ساحلوں تک پہنچنے پر 100 فیصد درآمدی ٹیکس یا ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔ اس سے اشیا اتنی مہنگی ہو جائیں گی کہ امریکی کمپنیاں شاید انہیں دوسروں سے سستی قیمتوں پر خریدنے کو ترجیح دیں گی، جس سے ہندوستان کی آمدنی میں کمی ہو گی۔امریکہ کا مقصد روس کی معیشت کو بھی تباہ کرنا ہے ۔واضح رہے کہ تیل اور گیس ماسکو کی آمدنی کا تقریباً ایک تہائی حصہ اور اس کی برآمدات کا 60 فیصد سے زیادہ ہے اور 100 فیصد ٹیرف روس کے مالیات پر منفی اثر ڈال سکتا ہے ۔اگرچہ ٹیرف اور نیٹو کے ہتھیاروں کے معاہدے کے بارے میں تفصیلی معلومات نہیں دی گئیں، ٹرمپ نے پیر کے روز وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد پہلی بار یوکرین کو نیا فوجی سازوسامان دینے کا وعدہ کیاہے ۔