کیف شدید سردی کی لپیٹ میں، دونوں ممالک میں کوئی باقاعدہ جنگ بندی نہیں ہوئی: زیلنسکی
ماسکو۔ 31 جنوری (یو این آئی) روس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی درخواست پر سخت سردی کے دوران یکم فروری تک کیف پر فضائی حملے روک دینے پر اتفاق کیا ہے تو یوکرین نے کہا کہ وہ بھی ایسا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ دوسری جانب واشنگٹن جنگ ختم کرنے کیلئے سفارتی حل کی کوششیں کر رہا ہے ۔ یوکرینی دارالحکومت اتوار سے آنے والی مزید ایک شدید ٹھنڈ کی لہر کیلئے تیار ی کرنے والے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعہ کو کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی باقاعدہ جنگ بندی قائم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ روس نے اب یوکرینی لاجسٹکس کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے ۔ روس نے حالیہ ایام میں یوکرین کی سڑکوں اور ریلوے کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے ۔ کریملن نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پوتن نے مذاکرات کیلئے ’’ساز گار حالات‘‘ پیدا کرنے کیلئے ٹرمپ کی درخواست قبول کی ہے ۔ گزشتہ ہفتوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہونے کے حالات میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر روسی حملوں سے ہزاروں افراد کئی روز تک گھریٔ۱وں میں ہیٹنگ کی سہولت سے محروم رہے تھے ۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے واقعی ذاتی طور پر صدر پوتن سے کہا تھا کہ وہ مذاکرات کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنے کے لیے یکم فروری تک کیف پر حملہ کرنے سے باز رہیں، اور تصدیق کی کہ پوتن نے اس درخواست کو منظور کر لیا تھا۔ زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین بدلے میں روس کی ریفائنری انفراسٹرکچر پر حملے روک کر جواب دینے کیلئے تیار ہے اور کہا کہ یہ معاہدہ نہیں بلکہ ایک موقع ہے ۔ ٹیلگرام پر ایک پوسٹ میں زیلنسکی نے کہا کہ رات کے وقت یوکرینی توانائی کی تنصیبات پر کوئی حملہ نہیں ہوا اور ماسکو کا رخ اب لاجسٹکس انفراسٹرکچر کی طرف ہوگیا ہے ۔ کیف پر اس ماہ بھاری روسی فضائی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جنہوں نے شہر کے بڑے حصوں کی بجلی معطل کر دی تھی، زیلنسکی نے کہا کہ یوکرینی فضائی دفاع کمزور پڑ گئی کیونکہ کیف کے یورپی اتحادیوں نے پی یو آر ایل ہتھیاروں کی خریداری کے تحت امریکہ کو ادائیگیاں مؤخر کر دیں۔اس کے باعث امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی میزائل بر وقت نہ پہنچ سکے ۔ زیلنسکی نے اس وقت اپنی صورتِ حال بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ (روسی) بیلسٹک میزائل ہماری توانائی کی بنیادی ڈھانچے کی طرف آرہے ہیںاور مجھے معلوم ہے کہ بجلی نہیں ہوگی، کیونکہ انہیں روکنے کیلئے ہمارے پاس کوئی دفاعی میزائل نہیں ہیں،یوکرینی فضائیہ نے کہا کہ روس نے اپنے تازہ رات بھر کے فضائی حملوں میں ایک بیلسٹک میزائل اور 111 ڈرون داغے ۔ زیلنسکی نے کہا کہ اس میزائل نے شمال مشرقی خارکیف علاقہ میں ایک امریکی کمپنی کے گوداموں کو نقصان پہنچایا، لیکن کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا۔ یوکرینی فوج نے کہا کہ اس نے ملک کے جنوب مشرق میں زاپوریژیا علاقے میں متعدد روسی لاجسٹک تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ زیلنسکی نے کہا کہ توانائی تنصیبات پر فضائی حملے معطل کرنے کے ذریعہ کشیدگی کم کرنے کا موقع پچھلے ہفتے ابو ظہبی میں ہونے والی بات چیت کے دوران امریکہ نے پیش کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بات چیت کی تاریخ یا مقام، جو فی الحال اس اتوار کو دوبارہ متحدہ عرب امارات میں طے ہے ، تبدیل ہو سکتا ہے ۔ ’’امریکیوں نے کہا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے مسئلے کو اٹھانا چاہتے ہیں، دونوں فریق ایسے بعض اقدامات دکھائیں جو طویل فاصلے کی صلاحیتوں کے استعمال سے گریز کو ظاہر کریں تاکہ سفارتی راستے کے لیے زیادہ گنجائش پیدا ہو۔‘‘
توانائی سیکٹر کیلئے جنگ بندی کی طرف یہ پیش رفت جنگ کے ایک نازک لمحے میں سامنے آئی ہے ، جو اگلے مہینے کے آخر میں اپنی چوتھے سال میں داخل ہو رہی ہے ۔ روسی فوجیں یوکرین کے مشرقی دونتسک علاقے میں اپنی آہستہ مگر مسلسل پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں، اور ماسکو ملک کے مشرق اور جنوب میں محاذ سے دور قصبوں اور شہروں پر تقریباً روزانہ حملوں میں سینکڑوں ڈرون بھیجتا ہے ۔