ٹرمپ ۔کم جونگ بات چیت سے قبل جاپان ۔امریکہ گفتگو کیلئے متفق

   

امریکی اور جاپانی وزرائے خارجہ جاپانی مغویہ شہریوں کے مسئلہ کو جلد حل کرنے پر بھی باہم رضامند

ٹوکیو،21جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے وزیرخارجہ تاروکونو اور امریکہ کے وزیرخارجہ مائک پومپیو پیرکے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریاکے لیڈر کم جونگ ان کے مابین فروری میں مجوزہ دوسری سربراہ میٹنگ سے پہلے بات چیت کرنے پر متفق ہوگئے ہیں ۔جاپان کے وزیرخارجہ نے پیر کے روز کہاکہ دونوں لیڈروں نے فون پر بات چیت میں گفتگوکے لیے رضامندی ظاہر کی ہے ۔وزارت کے بیان کے مطابق ،‘‘دونوں وزرا نے جاپان اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کے مابین فروری کے وسط میں مجوزہ بات چیت کے لیے تال میل قائم کرنے پر راضی ہوگئے ہیں ۔ ’’ مسٹر پومپیونے مسٹر کونو کو امریکی صدر اور شمالی کوریا کے اعلی جنرل کم یونگ چول کی بات چیت کی بھی اطلاع دی۔ امریکی اورجاپانی وزرائے خارجہ نے شمالی کوریا کی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعہ جاپان کے شہریوں کے اغواکے مسئلہ کوجلدحل کرنے کے لیے ملکر کام کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ۔واضح رہے کہ جمعہ کو امریکی صدر کے دفترکی ترجمان سارہ سینڈرس نے مسٹر ٹرمپ اور مسٹر کم جونگ کے مابین آئندہ ماہ دوسری سربراہ میٹنگ کا اعلان کیاتھا۔اسی دن مسٹر ٹرمپ نے مسٹر چول سے میٹنگ کی تیاریوں کے تعلق سے تفصیلی بات چیت کی تھی ۔جاپان ،امریکہ ۔شمالی کوریا مذاکرات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے ۔جاپان کو امید ہے کہ سربراہ میٹنگ سے جاپان کے اغواشدہ شہریوں کی قسمت کابھی فیصلہ ہوسکتاہے ۔