ٹرمپ ۔ کم جونگ ملاقات ،بذریعہ ٹرین ویتنام جائیں گے

   

ہنوئی۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ویتنام میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی قائد کم جونگ ان کے درمیان آئندہ ہفتہ ہونے والی ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کم جونگ ویتنام کے سفر کیلئے ٹرین کا استعمال کریں گے جو ڈھائی دنوں کا طویل سفر ہوگا اور ریل ہزاروں کلومیٹر کا سفر طئے کرے گی، لہذا یہ توقع کی جارہی ہے کہ کم جونگ کو پیانگ یانگ سے کافی پہلے روانہ ہونا ہوگا تاکہ وہ 25 فروری کو بروقت ویتنام پہنچ سکیں۔ کم جونگ کی ٹرین ویتنام کے سرحدی اسٹیشن ڈانگ ڈینگ پر توقف کرے گی اور کم جونگ وہاں اتر کر ہنوئی کا سفر بذریعہ کار کریں گے جو وہاں سے 170 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ 27 اور 28 فروری کو ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کیلئے ہنوئی میں واقع گورنمنٹ گیسٹ ہاؤز کو ترجیح دی گئی ہے۔ دوسری طرف ویتنام حکومت نے بھی اپنی ویب سائیٹ پر تحریر کرتے ہوئے یہ اطلاع دی کہ اس تاریخی ملاقات کیلئے سکیورٹی اولین ترجیح ہوگی جبکہ گیسٹ ہاؤز کے روبرو واقع میٹرو پول ہوٹل بھی ملاقات کیلئے ایک متبادل مقام ہوسکتا ہے جبکہ کم جونگ کے بارے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موصوف میلیا ہوٹل میں قیام کریں۔