ٹرنر کی جارحانہ بیٹنگ ،ہم پہلے سے ہی واقف

   

موہالی ۔11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے خلاف ہمالیائی اسکور کے کامیاب تعاقب کے ریکارڈ میں معمار ثابت ہونے والے مڈل آرڈر بیٹسمین پیٹر ہنڈس کامب نے کہا جس طرح اشٹن ٹرنر نے موہالی میں بیٹنگ کی ہے اس کا ہمیں پہلے سے علم تھا کیونکہ وہ گزشتہ چند برسوں سے بیگ باش لیگ میں پرتھ اسکوچرز کیلئے ایسے ہی مظاہرے کرتے آرہے ہیں اور ہمیں اس طرح کے مظاہرے کا بین الاقوامی سطح پر انتظار تھا جو انہوں نے چوتھے ونڈے میں کردیا۔ اپنے کرئیر کی پہلی سنچری اسکور کرنے والے ہنڈس کامب نے کہا کہ جب ٹرنر جارحانہ انداز اختیار کرچکے تو ڈریسنگ روم کا ماحول بھی کافی پرجوش تھا اور خاص کر انہوں نے جس طرح جسپریت بمراہ کے خلاف بیٹنگ کی وہ انتہائی شاندار ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہندوستان کے خلاف یہ کامیابی ان کے کرئیر کا اب تک کی سب سے شاندار کامیابی ہے۔ ہنڈس کامب نے اپنی پہلی سنچری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ یادرہے کہ آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں ایک اور شکست سے دوچار کرکے پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی ہے۔ موہالی میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ٹیم کی بیٹنگ کی مضبوطی کے مطابق بہتر ثابت ہوا۔ اوپنرس روہت شرما اور شکھر دھون نے پہلی وکٹ کے لیے اپنی ٹیم کو 193 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کرتے ہوئے ٹیم کے لیے بڑا ہدف بنانے کی بنیاد رکھ دی۔ اپنی سنچری سے 5 رنز قبل 95 رنز بنا کر روہت شرما جے رچرڈسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے لوکیش راہول کے ساتھ مل کر دھون61 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کے اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر 143 رنز بنا کر 254 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے کپتان ویراٹ کوہلی صرف7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم لوکیش راہول کے 26، رشبھ پنت کے 36، کیدار جادھو کے 10 اور وجے شنکر کے 26 رنز کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 359 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا اورکپتان آرون فنچ بغیرکوئی رن بنائے بھونیشور کمار کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے جن کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین شان مارش بھی 6 رنز بنانے کے بعد 12 کے مجموعے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس صورتحال میں گزشتہ مقابلے کے ہیرو عثمان خواجہ اپنی ٹیم کے لیے ایک مرتبہ پھر مردِ بحران ثابت ہوئے اور پیٹر ہینڈزکومب کے ہمراہ 192 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ عثمان خواجہ اپنی متواتر دوسری سنچری مکمل نہ کرسکے او91 رنز بنانے کے بعد 204 کے مجموعے پر جسپریت بمراہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پیٹر ہینڈزکومب نے اپنی سنچری مکمل کی اور اسی دوران ان کے ہمراہ کیریز پر موجود میکس ویل نے 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ گلین میکس ویل 23 رنز بنا کر 229 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو میزبان ٹیم کے گمان میں بھی نہ تھا کہ ان کے سامنے میکس ویل سے بھی زیادہ خطرناک کھلاڑی آنے والا ہے۔ ونڈے کرکٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے ایشٹن ٹرنر نے اپنی اننگز کا آغاز تو محتاط انداز میں کیا، لیکن چند اوورز بعد ہی اس کھلاڑی نے نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی موجوگی کا احساس دلوایا بلکہ ہندوستانی بولروں کے لئے پریشانیاں کھڑی کردی۔ پیٹر ہینڈزکومب توسنچری مکمل کرکے 117 رنز پر آؤٹ ہوئے تاہم ان کے بعد ایشٹن ٹرنر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے دھواں دھار اننگز کھیل کر 2 اوور قبل ہی 359 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا۔ خیال رہے کہ یہ آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف سب سے بڑا جبکہ اسکور کے طور پر ونڈے کا پانچواں سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔ ایشٹن ٹرنز کو میچ میں شاندار بیٹنگ پراور میچ جتوانے والی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔