پورٹ آف اسپین/نئی دہلی، 4 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرینیڈاڈ- ٹوباگو میں ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں کے اپنی ثقافتی روایات کاتحفظ کرنے اور انہیں پروان چڑھانے کے پختہ عزم کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ان کا اس ملک کا دورہ ہمت اور محنت کی کہانی ہے ۔مسٹر مودی، جو اپنے پانچ ملکوں کے دورے کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کی دیر رات گھانا سے ٹرینیڈاڈ- ٹوباگو پہنچے ، یہاں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے ، اعلان کیا کہ اس ملک میں ہند نژاد لوگوں کی چھٹی پیڑھی کو ‘اوورسیز سٹیزن آف انڈیا’ یعنی او سی آئی کارڈ جاری کیے جائیں گے ۔تقریب میں مسٹر مودی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹرینیڈاڈ- ٹوباگو کی وزیر اعظم کملا پرساد بسیسر نے انہیں ملک کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز ‘دی آرڈر آف دی ریپبلک آف ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو’ سے نواز جانے کا اعلان کیا۔اس موقع پر مسٹر مودی نے ہندوستانی برادری کے مضبوط عزم کے لیے ان کی تعریف کی اور ان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ٹرینیڈاڈ- ٹوباگو میں ہند نژاد لوگوں کی چھٹی پیڑھی کو او سی آئی کارڈ جاری کیے جائیں گے ۔ ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں نے زوردار تالیوں سے اس کا خیر مقدم کیا۔مسٹر مودی نے دونوں ممالک کے درمیان متحرک اور خصوصی تعلقات کو مضبوط بنانے میں گرمجوشی اور ان کے تعاون کے لیے وزیر اعظم بسیسر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینیڈاڈ- ٹوباگو اپنے ساحلوں پر ہندوستانی تارکین وطن کی پہلی آمد کی 180ویں سالگرہ منا رہا ہے اور اس موقع پر ان کا تاریخی دورہ اور بھی اہم ہو جاتا ہے ۔ مسٹر مودی نے ہندوستانی تارکین وطن کی لچک، ثقافتی خوشحالی اور ٹرینیڈاڈ ٹوباگو میں ان کے بے پناہ تعاون کی تعریف کی۔