نائب صدر وینکیا نائیڈو کے ٹوئٹر اکاونٹ کا ’بلیو ٹِک ہٹانے پر ہنگامہ ‘ بعد میں بحال کیا گیا
بھاگوت سمیت آر ایس ایس کے کئی قائدین کا بھی ’بلیو ٹِک غائب! حکومت کا شدید ردعمل
نئی دہلی: ٹوئٹر کی جانب سے ہفتہ کی صبح ہندوستان کے نائب صدر وینکیا نائیڈو کے ٹوئٹر اکاونٹ کو غیر مصدقہ قرار دیئے جانے کی وجہ سے ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ حکومت نے اس پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے اور اسے ہندوستان کے دوسرے سب سے بڑے آئینی عہدے کی توہین قرار دیا ہے۔ ٹوئٹر نے اس کے بعد نائیڈو کی بلیو ٹک کو بحال کر دیا۔قبل ازیں، سربراہ موہن بھاگوت سمیت کئی آر ایس ایس قائدین کی بلیو ٹک بھی غائب ہوگئی تھیںجن میں بعض کو بحال کردیا گیا ۔ وزارت انفارمیشن ٹکنالوجی نے ٹوئٹر کو حتمی نوٹس جاری کر کے کہا ہے کہ یا تو کمپنی حکومت ہند کے نئے ڈیجیٹل اصولوں پر عمل کرے بصورت دیگر انجام بھگتنے کے لئے تیار رہے!ٹوئٹر نے نائب صدر وینکیا نائیڈو کے اکاونٹ سے بلیو ٹک ہٹاتے ہوئے کہا کہ یہ اکاونٹ چھ مہینے سے غیر فعال ہے اور کمپنی کی پالیسی کے مطابق غیر فعال کھاتوں کا ویریفکیشن برقرار نہیں رکھا جاتا۔ مرکزی حکومت نے جب اس معاملہ پر سخت رویہ اختیار کیا تو ٹوئٹر نے بلیو ٹک کو بحال کر دیا۔وہیں، ٹوئٹر نے آر ایس ایس کے کئی بڑی قائدین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے بلیو ٹک ہٹا دیا ہے۔ جن لیڈران کے کھاتوں سے بلیو ٹک ہٹایا گیا ہے ان میں سربراہ موہن بھاگوت کے علاوہ نائب سربراہ سریش سونی اور انڈیا پرچار کمیٹی کے سربراہ ارون کمار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سنگھ کے لیڈران سریش جوشی اور کرشن گوپال کے ہینڈل کے بلیو ٹک کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ وزارت آئی ٹی کی جانب سے ٹوئٹر کو بھیجا گیا یہ تیسرا نوٹس ہے۔ وزارت نے تازہ نوٹس میں کہا ہے کہ گزشتہ دو نوٹسوں پر ٹوئٹر کی جانب سے معقول جواب نہیں دیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر ٹوئٹر کی جانب سے اب بھی حکومت کے نئے آئی ٹی سے متعلق اصولوں پر عمل نہیں کیا جاتا تو اس پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اسے انجام بھگتنا ہوگا۔ حکومت نے ٹویٹر کو ہندوستانی عہدیدار کی تقرری کا آخری موقع دیا۔ ٹویٹر کے مطابق ، ٹویٹر پر نیلے رنگ کے تصدیق شدہ بیج لوگوں کو بتاتے ہیں کہ مستند اکاؤنٹ پر عوامی مفاد ہے۔ بلیو بیج حاصل کرنے کے لئے آپ کا اکاؤنٹ مستند قابل ذکر اور فعال ہونا چاہئے۔ اس کا مقصد توثیق اور پلیٹ فارم پر موجود صارفین میں اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے ہے جس کی تصدیق کے لئے ٹویٹر کے ذریعہ کسی اکاؤنٹ کی شناخت کی تصدیق کی جاسکتی ہے۔