ٹوئٹر کی نئی سی ای او عنقریب عہدہ سنبھالیں گی

   

نیویارک: ایلون مسک نے کہا ہے کہ ان کو ٹوئٹر کیلئے نیا چیف ایگزیکٹیو مل گیا ہے تاہم انہوں نے ابھی تک نام نہیں بتایا۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وال سٹریٹ جنرل نے رپورٹ کیا ہے کہ کام کاسٹ این بی سی یونیورسل کی ایگزیکٹیو لِنڈا یکرینو کی ٹوئٹر کے چیف ایگزیٹیو کے عہدے کیلئے بات چیت چل رہی تھی۔ایلون مسک نے ٹویٹ کیا کہ ’یہ اعلان کرتے ہوئے پْرجوش ہوں کہ میں نے ایکس ٹوئٹر کیلئے ایک نئی سی ای او کو رکھ لیا ہے۔ وہ چھ ہفتوں میں کام شروع کریں گی۔‘ایلون مسک نے مزید کہا کہ وہ اگلے چند ہفتوں میں خود چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔گزشتہ برس کے اکتوبر میں ایلون مسک نے ٹوئٹر 44 بلین ڈالر کا خریدا تھا۔انہوں نے دسمبر میں کہا تھا کہ انہیں جب بھی ’کوئی بے وقوف ملا‘ تو وہ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ چھوڑ دیں گے اور وہ ٹوئٹر کے سافٹ ویئر اور سرور ٹیموں کو چلائیں گے۔روئٹرز نے مسک کے ٹویٹ کے بعد رپورٹ کیا کہ سیلیکون ویلی کے ایگزیکٹیو اور ایک ہالی وڈ کے ایک سابق ایگزیکٹیو کے مطابق لِنڈا یکرینو کو ٹوئٹر چلانے کیلئے چنا جا سکتا ہے۔