مسائل کا جائزہ اور یکسوئی پر توجہ ۔ عوامی مسائل کی یکسوئی اور شعور کی بھی بیداری کے بھی اقدامات
حیدرآباد۔10اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت بالخصوص وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی جانب سے ٹوئیٹر کے استعمال میں اضافہ نے کئی عہدیداروں اور وزراء کو ٹوئیٹر کے استعمال سے مسائل کو حل کرنے راغب کرنا شروع کردیا ہے ۔ تلنگانہ میں ڈائرکٹرجنرل پولیس ایم مہندر ریڈی‘ پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار‘ سیکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جئیش رنجن کے علاوہ کئی عہدیدار ایسے ہیں جو کہ ٹوئیٹر کے ذریعہ نہ صرف مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں بلکہ اپنی کارکردگی اور محکمہ کے اقدامات سے عوام اور حکومت کو واقف بھی کروا رہے ہیں۔ مسٹر اروند کمار اور مسٹر جئیش رنجن دو ایسے عہدیدار ہیں جنہیں کے ٹی راما راؤ کے قریبی تصور کیا جاتا ہے اور دونوں ہی متحرک اور فعال ہیں جو کہ اپنے کام کے ساتھ ٹوئیٹر کے ذریعہ اپنے ماتحتین کو نہ صرف ہدایات جاری کرتے ہیں بلکہ انہیں موصولہ شکایات کے ازالہ کی رپورٹ بھی طلب کرتے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران آئی ٹی شعبہ کے متعلق شکایات کو دور کرنے کے علاوہ شعبہ کو مشکلات کے حل کیلئے جئیش رنجن کافی سرگرم ہیں اور ٹوئیٹر پر موصولہ شکایات پر فوری ردعمل ظاہر کر رہے ہیں۔ اسی طرح اروند کمارآئی اے ایس بلدیات میں جاری کاموں کی تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ شہر میں جاری کاموں کی تفصیلات حکومت اور عوام تک پہنچا رہے ہیں اور راحت کاری کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مسٹر مہیندر ریڈی ڈی جی پی ٹوئیٹر کے ذریعہ پولیس سے متعلق شکایات پر تو ردعمل ظاہر نہیں کر رہے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کے حالات میں پولیس خدمات کی سراہنا کیلئے ٹوئیٹر کا استعمال کر رہے ہیں اور ان لوگوں کو راحت پہنچانے اقدامات کر رہے ہیں جو پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں منتقلی کا اجازت نامہ درکار ہے۔ کمشنر مسٹر انجنی کمار بھی ٹوئیٹر کے ذریعہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے میں مصروف ہیں ۔چند ہفتوں سے شہر کے ٹوئیٹرمعلومات فراہم کی جانے لگی ہیں اور شہر میں انتظامیہ کے ذریعہ اقدامات سے واقف کروانے ٹوئیٹر کا استعمال کیا جارہا ہے۔
