ٹولی چوکی میں غیر ملکی باشندے ، مقامی عوام میں خوف کا ماحول

   

اومی کرون کی نشاندہی کے بعد سینکڑوں افراد کے معائنے ، محکمہ صحت ، بلدیہ اور پولیس کی چوکسی
حیدرآباد۔17ڈسمبر(سیاست نیوز) ٹولی چوکی کی ان کالونیوں میں جہاں غیر ملکی باشندے رہائش پذیر ہیں عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پایا جاتا ہے اور محکمہ صحت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کے علاوہ محکمہ ۔پولیس کی جانب سے جگہ جگہ کورونا وائرس کے لئے مکینوں کو روکا جانے لگا ہے جس پر جنوبی افریقی باشندو ںکی جانب سے اعتراض کیا جا رہاہے لیکن محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے ان کے کورونا وائرس کے معائنوں کو یقینی بنایا جانے لگا ہے۔ گذشتہ دو یوم کے دوران عہدیداروں نے ٹولی چوکی کے علاقہ میں زائد از 700 افراد کے کورونا وائرس کے معائنوں کے لئے نمونے حاصل کئے ہیں اور ان میں جن کے معائنے مثبت پائے جائیں گے ان کے اومی کرون معائنوں کے لئے نمونے روانہ کئے جائیں گے ۔ شہر میں اومی کرون کے 7 مریضوں کی نشاندہی نے محکمہ صحت کو چوکسی اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران اومی کرون کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ نہ ہواس کے لئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ٹولی چوکی کے ان علاقوں میں جہاں بیرون ملک باشندے رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں ان علاقوں میں 25 ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس کے معائنوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بعض نوجوانوں کی جانب سے کورونا وائرس معائنہ پر اعتراض کیا جا رہا تھا لیکن پولیس کی مدد سے انہیں معائنہ کروانے پر آمادہ کرتے ہوئے ان کے بھی معائنے کئے گئے اور نمونوں کے حصول کے بعد انہیں رپورٹ کے متعلق مطلع کرنے کا تیقن دیا گیاہے۔ ٹولی چوکی کے علاقوں میں محکمہ صحت کے عہدیداروں اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کی جانب سے ٹیکہ اندازی کے لئے بھی خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے اور گھر گھر پہنچ کرٹیکہ حاصل کرنے والوں کی تفصیلات کے حصول اور ٹیکہ نہ لینے والوں میں ٹیکہ کے حصول کے فوائدکے متعلق شعور بیداری مہم بھی چلائی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ بعض مکینوں کی جانب سے ٹیکہ اندازی کے متعلق خدشات کا اظہار کئے جانے پر انہیں ٹیکہ اندازی کے ذریعہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کی مثالیں اور ٹیکہ کے حصول کے بعد کوروناکی صورت میں بہتر علاج کے امکانات کے سلسلہ میں انہیں واقف کروایاجا رہا ہے تاکہ وہ ٹیکہ کے متعلق اپنے ذہنوں میں موجود بدگمانیوں کو دورکرتے ہوئے کوروناوائرس سے محفوظ رہنے کیلئے ٹیکہ کے حصول پر آمادہ ہوں۔م