خلاف ورزی پر چالانات ، ماسک نہ لگانے پر 1000 روپئے جرمانہ پولیس کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے سڑکوں پر ٹو وہیلر پر عقبی نشست پر بیٹھنے والوں کا ہیلمٹ لگانا اور ساتھ ہی دونوں کا ماسک لگانا ضروری ہے ۔ بصورت دیگر ان کی خیر نہیں ہے ۔ انہیں 1000 روپئے چالان ادا کرنے کے لیے تیار ہوجانا چاہئے ۔ شہر کی سڑکوں کو حادثات اور اموات سے پاک بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے قواعد پر سختی سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹو وہیلر پر سوار رائیڈر کے ساتھ پچھلی نشست پر بیٹھنے والوں کے لیے ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے اور اس سلسلے میں احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔ ٹو وہیلر پر سوار دونوں کو ہیلمٹ پہننا ضروری قرار دے دیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بائیک پر سوار رائیڈر کے علاوہ عقبی نشست پر سوار افراد کی حادثات میں موت واقع ہوگئی ہے اور ان قواعد پر سختی سے عمل آوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ موٹر وہیکل ایکٹ 1989 کے تحت ہیلمٹ لگائے بغیر گاڑی چلانے پر 100 روپئے جرمانہ عائد کیا جارہا ہے ۔ اب پچھلی نشست پر سوار افراد کے ہیلمٹ نہ لگانے پر 100 روپئے چالان عائد کیا جائے گا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیشتر ٹو وہیلر سوار کو دیکھا جارہا ہے کہ وہ کوویڈ کے رہنمایانہ خطوط کو نظر انداز کررہے ہیں کئی افراد بغیر ماسک لگائے گاڑیاں چلا رہے ہیں جس پر پولیس نے ہیلمٹ کے ساتھ ماسک نہ لگانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایسے افراد کی سی سی ٹی وی کیمروں ، آرٹیفیشل انٹلی جنس (مصنوعی انٹلی جنس ) کے تحت ماسک نہ لگانے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔۔ ن