ریاض۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی وزارت ماحولیات و زراعت نے موسمی ٹڈی دل کے حملوں سے محفوظ رکھنے کیلیے گروانڈ کنٹرولنگ یونٹ کی جانب سے ریاض و دیگر علاقوں کے لیے 40 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔وزارت ماحولیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنوبی ریاض ، وادی الدواسر ، السلیل اور الافلاج کے علاوہ جنوب اور مشرقی عسیر کے ریجنز احد رفیدہ ، سرآ عبیدہ ، وادی بن ھشبل ، تثلیث ، بیشہ اور الخنقہ سمیت طائف کے مشرقی اور نجران ریجنز میں موسمی ٹڈی دل کے حملوں سے علاقوں کو محفوظ رکھنے کیلیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ وزارت ماحولیات کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ تشکیل دیے جانے والے گراونڈ کنٹرول یونٹس میں 24 یونٹ سپرے ٹیموں پر مشتمل ہیں جبکہ 9 ٹیمیں مختلف علاقوں کا سروے کرنے کے بعد اپنی رپورٹ سے مرکزی کنٹرول روم کو مطلع کریں گی جس کی رپورٹ پر گراونڈ سپرے یونٹ کو ہدایات جاری کی جائیں گی جو علاقے کے موسم اور وہاں متوقعہ ٹڈی دل کے حملوں سے نمٹنے کیلیے مخصوص اسپرے مقررہ مقامات پر کریں گی۔وزارت کے تحت منصوبہ بندی ادارے نے کہا ہے کہ تشکیل دیے جانے والے یونٹس میں 5 ٹیمیں نگرانی کے فرائض انجام دیں گی جبکہ 2 ٹیمیں اصلاح و مرمت کے لیے اسٹینڈ بائی کے طور پر کام فیلڈ میں کام کریں گی۔وزارت ماحولیات نے متوقع ٹڈی دل حملوں سے حفاظت کے لیے 15 ہزار معکب لیٹر مواد کا ذخیرہ بھی حاصل کر لیا ہے جو سپرے ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ مقررہ مقامات پر اسپرے کیاجاسکے۔واضح رہے وزارت ماحولیات کی جانب سے ہر برس ان دنوں میں جبکہ ٹڈی دل حملوں کا سیزن ہوتا ہے مختلف علاقوں کا سروے کر کے وہاں دوائیں اسپرے کرنے کی مہم کا آغاز کیا جاتا ہے تاکہ ٹڈی دل کے حملوں سے محفوظ رہا جائے۔