واشنگٹن۔27؍ستمبر ( ایجنسیز ) امریکی صد ر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی فروخت کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔میڈیاکے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے 25 ستمبر 2025 کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو کسی بھی امریکی شخص یا ادارے کو فروخت کردیا جائے گا۔ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی فروخت کی قیمت 14 ارب ڈالر تک ہوگی۔ایگزیکٹو آرڈر کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے اعلامیہ کے مطابق یہ آرڈر ٹک ٹاک کی امریکی آپریشنز کو فروخت کرنے کا منصوبہ 2024 کے قانون کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔دوسری جانب تاحال چینی حکومت نے ڈونالڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر پر کوئی بیان نہیں دیا۔ سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکی ایگزیکٹو آرڈر میں ٹک ٹاک کی قیمت انتہائی کم رکھی گئی ہے۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی قیمت 40 سے 45 ارب ڈالر تک ہوسکتی ہے لیکن ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق اس کی قیمت 14 ارب تک ہوسکتی ہے۔ابھی مکمل طور پر ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو سنبھالنے اور خریدنے والی کمپنی یا فرد کا نام سامنے نہیں آیا تاہم خبریں ہیں کہ ایپلی کیشن کو ’اوریکل‘ کمپنی سنبھالے گی۔امریکی حکومت نے 2024 میں ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے یا پھر امریکی آپریشنز کو کسی بھی امریکی فرد یا کمپنی کو فروخت کرنے کا قانون بنایا تھا۔