ٹیلر نے مارٹن کرو کی سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا

   

ویلنگٹن ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین راس ٹیلر نے اپنے سابق منٹر آنجہانی مارٹن کرو کی سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف یہاں بارش سے متاثرہ مقابلہ کے دوران ٹیلر نے اپنے کریئر کی 18 ویں سنچری اسکور کی اور اس طرح انہوں نے سابق کپتان کرو کی 17 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ویلنگٹن میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جارہے ٹسٹ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 432 رنز اسکور کرتے ہوئے اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا اور بنگلہ دیش کی ٹیم دن کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان کے بعد 80 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ مقابلہ کے آخری دن بنگلہ دیش کو ہنوز 141 رنز اسکور کرنے ہے تاکہ نیوزی لینڈ کو دوبارہ بیٹنگ کیلئے مجبور کیا جاسکے۔ ٹیلر ڈبل سنچری اسکور کرنے کے بعد آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے مارٹن کرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹیلر نے کہا کہ 17 ویں سنچری انہوں نے 2017ء میں بنائی تھی جس کے بعد 18 ویں سنچری کیلئے انہیں تقریباً دو سال کا انتظار کرنا پڑا۔ اس دوران کرو کینسر کی وجہ سے زندگی کا مقابلہ ہار گئے۔ ٹیلر نے 321 گیندوں میں 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 200 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ ہینری نیکولاس نے 107 رنز بنانے کے علاوہ چوتھی وکٹ کیلئے 216 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ ٹیلر جنہیں 20 کے مجموعی اسکور پر دو زندگیاں اس وقت ملی جب بنگلہ دیشی فیلڈروں نے ان کے کیچس چھوڑے۔ کپتان ولیمسن کے ہمراہ ٹیلر نے تیسری وکٹ کیلئے 172 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ ولیمسن 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے حالانکہ انہوں نے زخمی کاندھے کے ساتھ اپنی اننگز مکمل کی۔ بنگلہ دیش کیلئے ابوزید نے 94 رنز کے عوض 3 اور تیجل الاسلام نے 99 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 211 رنز بنائے۔