ٹیم میں امتیازی سلوک کرنے دانش کنیریا کا الزام!

   

لیگ اسپنر کا دعویٰ بے بنیاد ۔ جاوید میاں داد اور دیگر کھلاڑیوں کا شدید ردعمل

لاہور۔29ڈسمبر ( سیات ڈاٹ کام) سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ دانش کنیریا کو اپنے کیریئر میں ساتھی کرکٹرز کی جانب سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا تھا۔لیگ اسپنر نے اس الزام کی تصدیق بھی کردی تھی۔ کنیریا کی تصدیق کے بعد اس پر ہنگامہ برپا ہوگیا ۔جاوید میانداد نے امتیازی سلوک کے دانش کنیریا کے دعویٰ کو بے بنیاد قرار دیدیا۔سابق کپتان کا کہنا ہے کہ کرپشن پر تاحیات پابندی کی سزا پانے والے لیگ اسپنر کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جا سکتا، اگر ہندو ہونے کی وجہ سے تعصب برتا جاتا تو وہ 10 سال تک کرکٹ نہ کھیل پاتے،عمران طاہر اور دیگر بولرز کو موقع دیا جاتا۔ سابق کپتان نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ شعیب اختر اور دانش کنیریا کیا مقصد حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لیگ اسپنر تو پیسے کیلئے کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے جس شخص پر تاحیات پابندی عائد ہوچکی ہو اس کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جا سکتا۔میانداد نے کہا کہ 2000 کے اوائل میں دانش کنیریا میری کوچنگ میں کھیلنے والی قومی ٹیم میں شامل رہے،کوئی ایک بھی واقعہ ایسا نہیں ہوا کہ ہندو ہونے کی وجہ سے ان کیساتھ کسی نے امتیازی سلوک کیا ہو۔دیگر کھلاڑیوں نے بھی اس الزام پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔دانش کنیریا نے کہا کہ ان دنوں مشکلات کا شکار ہوں، پاکستان اور دنیا میں کئی افراد سے رابطہ کیا، پاکستان کے کئی کرکٹرز کے مسائل حل ہوگئے لیکن مجھے کسی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی، ایک کرکٹر کے طور پر ملک کیلیے اپنا 100فیصد دینے کی کوشش کی اور اس پر فخر محسوس کرتا ہوں، وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام لیجنڈری کرکٹرز،پاکستان اور دیگر ملکوں کے کرکٹ منتظمین سے درخواست ہے کہ مشکل صورتحال سے نکالنے میں میری مدد کریں لیکن میرے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔