ٹیم کی کارکردگی کو بدستور برقرار رکھنے کی ضرورت :شریس

   

دبئی: دہلی کیپٹلز کے کپتان شریس ایئر نے پیر کے روز آئی پی ایل میچ رائل چیلنجرز بنگلورپر یک طرفہ جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کی اب تک کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں اور ٹیم کو یہی لے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلور کو 59 رنز سے شکست دینے کے بعد شریس نے کہا کہ ہم نے پانچ میں سے چار میچ جیتے ہیں اور یہ بہت اچھی بات ہے ۔ دباؤ میں کھلاڑیوں نے جس طرح کا مظاہرہ کیا وہ واقعی لاجواب ہے ۔ ہماری کوشش تھی کہ آزادانہ طور پر اور بلا خوف و خطر کھیلیں۔ ہماری ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی موجود ہیں اس لئے ہمیں میدان میں جاکر اپنی مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔شریس نے کہا کہ میں اب تک ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں اور ہمیں ابھی میچوں میں یہ لے برقرار رکھنی ہے ۔ جب ہم میدان میں آتے ہیں تو ہم صرف فتح کی بات کرتے ہیں۔ کھلاڑی اپنی کارکردگی پر سخت محنت کر رہے ہیں اور ہمیں اپنی کارکردگی کو اس طرح جاری رکھنا ہے ۔لیگ اسپنر امیت مشرا کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑی کے انجری کے سبب ٹیم سے باہر ہونا انتہائی افسوسناک ہے ۔ امیت مشرا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے تھے لیکن ان کی جگہ ہمارے پاس آپشن موجود ہیں۔ شیریس ایئر نے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی )پر فتح کے لئے دونوں ٹیم کے بلے بازوں اور گیند بازوں کو کریڈٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کی حمایت نہیں کروں گا۔ ہم نے ڈیتھ اوور میں اسٹوئنس اور رشبھ پنت کی بیٹنگ کے ساتھ بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے دہلی کو آخری سات اوورز میں 94 رنز بنانے میں مدد ملی۔اسٹوئنس نے 26 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 53 رنز بنائے جبکہ رشبھ پنت نے بھی 37 رنز بنائے ۔
دونوں نے چوتھی وکٹ کے لئے 89 رنز کی شراکت کی اور اسکور 196 تک پہنچایا۔ اس دوران پرتھوی شا کے بلے سے 42 رن اور دھون کے بلے سے 32 رنز نکلے ۔ وراٹ نے آر سی بی کے لئے 43 رنز بنائے اور ان کی ٹیم 137 رنز بنا سکی۔شریس نے مزید کہا کہ ہمارا ارادہ ایک بڑی جیت درج کرنا تھا اور ہم ایسا کرنے میں کامیاب رہے ۔ مجھے امید ہے کہ ہم اس طرح کا پرفارم کرنے میں بھی کامیاب رہیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی حکمت عملی یہ تھی کہ ہمیں بے خوف کھیلنا ہے اور دباؤ کے دوران ٹیم کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے نتیجے میں ہمیں یہ بڑی فتح ملی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں ہے جو پوری طرح سے توانائی سے بھر پور ہیں اور ہمیں صرف اپنے کھیل کو میدان میں مناسب طریقے سے دکھانے کی ضرورت ہے ۔