جالندھر۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے جالندھر میں آج صبح نویں جماعت کی ایک طالبہ نے اپنے ٹیچر سے پریشان ہوکر پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کشن پورا کے جگت پورا میں چہارشنبہ کی صبح نویں جماعت کی طالبہ نے پھندا لگاکر جان دے دی۔ جائے وقوع سے ملے خودکشی نوٹ میں طالبہ نے لکھا ہے کہ وہ ریاضی کے ٹیچر سے پریشان ہوکر خودکشی کررہی ہے ۔وہ کے ایم وی سنسکرت پرائیویٹ اسکول میں نویں جماعت میں پڑھتی تھی۔اس کے گھروالوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو یہ ٹیچر بہت پریشان کرتا تھا۔اسی سے پریشان ہوکر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا اور اپنی جان دے دی۔ طالبہ نے خودکشی نوٹ میں لکھا ہے‘‘ میں اب اور برداشت نہیں کرسکتی، سب کو الوداع، ماں پاپا نریش سر کو سزا ضرور دلوائیں۔’’ وہ کل رات کھانا کھانے کے بعد روز کی طرح کمرے میں سونے کے لئے چلی گئی۔صبح کافی دیر تک باہر نہ آنے پر اس کے ماں باپ جب کمرے میں گئے تو پنکھے سے لٹکی اس کی لاش ملی۔