پھلودی۔ یکم ؍ نومبر (یو این آئی) راجستھان کے ضلع پھلودی میں پھلودی۔ بیکانیر قومی شاہراہ 11 پر جمعہ کی دیر رات ایک ٹیکسی کے ٹرک سے ٹکرا جانے سے چار لوگوں کی موت ہو گئی اور 11 دیگر زخمی ہو گئے ۔ پولیس ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ کپاس چننے والے کارکن رات گئے بیکانیر کے راستے پر لوڈنگ ٹیکسی میں سفر کر رہے تھے ۔ لوڈنگ ٹیکیسی میں خواتین اور بچوں سمیت کل 15 افراد سوار تھے ۔ تبھی ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹیکسی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 دیگر زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ ہوٹل میں موجود لوگوں اور پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد سات افراد کو جودھ پور منتقل کیا گیا، جب کہ چار کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس اسے تلاش کر رہی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرین مدھیہ پردیش کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں، جو ہر سال کپاس کے موسم میں مزدوری کرنے کے لیے پھلودی علاقہ میں آتے ہیں۔