ٹیکس سے آزاد گرائجویٹی حد دگنی،20 لاکھ روپئے کردی گئی

   

نئی دہلی ، 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ٹیکس سے پاک گرائجویٹی حد کو دو گنا کرتے ہوئے 20 لاکھ روپئے تک بڑھانے کے فیصلے سے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ حکومت نے بجٹ 2019-20ء میں زائد از پانچ سال سرویس رکھنے والے ملازمین کیلئے ٹیکس سے آزاد گرائجویٹی کو 20 لاکھ روپئے تک بڑھانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ وزیر فینانس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انکم ٹیکس استثنا برائے گرائجویٹی کو انکم ٹیکس ایکٹ کے سیکشن 10(10)(iii) کے تحت 20 لاکھ روپئے تک بڑھایا گیا ہے۔ اس سے تمام پی ایس یو ملازمین اور پے منٹ آف گرائجویٹی ایکٹ کے دائرے میں نہ آنے والے دیگر ملازمین کو بھی فائدہ ہوگا۔ پارلیمنٹ نے پے منٹ آف گرائجویٹی (ترمیمی) بل 2018ء گزشتہ سال منظور کرتے ہوئے حکومت کو اہل بنایا کہ عاملہ کا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ٹیکس فری گرائجویٹی کی حد کو 20 لاکھ روپئے تک بڑھایا جائے۔ اور زچگی کیلئے رخصت کی مدت کو بدستور سرویس کی مدت تصور کیا جائے۔