ٹی آر ایس قیادت سوشیل میڈیا کا بھر پور استعمال کے لیے سرگرم

   

چار سوشیل میڈیا کنوینرس کا انتخاب ، تلنگانہ بھون میں کے ٹی آر کے ہاتھوں ٹیک سیل آفس کا افتتاح
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کو سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر مستحکم کرنے کے لیے کے ٹی آر سرگرم ہوگئے ہیں ۔ چار سوشیل میڈیا کنوینرس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ آج کل ہر سیاسی پارٹی سوشیل میڈیا پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ ملک میں سب سے زیادہ بی جے پی سوشیل میڈیا کا استعمال کرتی ہے اس کے بعد عام آدمی پارٹی بھر پور استعمال کرنے والی دوسری بڑی جماعت ہے ۔ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناو میں بی جے پی سوشیل میڈیا کا بھر پور استعمال کررہی ہے ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ٹی آر ایس میں سوشیل میڈیا وینگ کو مضبوط و مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں ٹیک سیل آفس کا افتتاح کیا ۔ اور ایم کرشنک ، ستیش ریڈی ، جگن پاٹی مدی اور دنیش چودھری کو کنوینرس کے طور پر نامزد کیا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سوشیل میڈیا کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے معاملے میں ’ ٹیک سیل ‘ آفس اہم رول ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کے لیے نہ رہنے والے رضاکارانہ کارکن ٹی آر ایس کے لیے فوج کی طرح کام کررہے ہیں اور تلنگانہ تحریک سے کے سی آر کی قیادت کی بھر پور مدد کررہے ہیں ۔ گذشتہ 6 سال سے حکومت کی ترقی ، بہبود کے پروگرامس کو عوام تک پہونچاتے ہوئے اپوزیشن کی جھوٹی تشہیر کا منھ توڑ جواب دے رہے ہیں ۔ جن چار کنوینرس کا انتخاب کیا گیا ہے وہ پارٹی قائدین اور پروگرامس کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے عوام کو پارٹی سے مزید قریب کرنے کے اقدامات کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس کے علاوہ پارٹی اور حکومت کی سرگرمیوں کے ساتھ ڈاٹا بیس ، دوسرے سافٹ ویر اپلی کیشن ، پارٹی ویب سائٹس ، سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس کی کارکردگی ٹیک سیل کے ذریعہ انجام دئیے جائیں گے ۔۔