کے ٹی آر کا اعلان ۔ حیدرآباد و رنگا ریڈی کے پارٹی قائدین و کارکنوں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔3ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی میں بوتھ لیول کمیٹی کی سطح پر اب سوشل میڈیا کوآرڈینٹر کا عہدہ ہوگا اور ہر بوتھ سطح پر کوآرڈینیٹر کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹرسمیتی کے ٹی راماراؤ نے آج حیدرآباد اور رنگاریڈی کے قائدین اور کارکنوں کے اجلاس میں یہ بات کہی اوربتایا کہ ٹی آر ایس ریاست میں مجوزہ بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی اور اندرون دو یوم چیف منسٹر چند رشیکھر راؤ اہم اعلان کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے فلاحی اقدامات سے ریاست میں عوام کا تلنگانہ راشٹر سمیتی پر مکمل اعتماد برقرار ہے اور اس کی برقراری کیلئے پارٹی کارکنوں کو ہمہ وقت ان کے درمیان رہ کر انکے مسائل کے حل پر توجہ کرنی چاہئے ۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر کی جانب سے ریاست میں رکنیت سازی مہم کی ستائش کی گئی ہے اور دونوں شہروں کے علاوہ رنگاریڈی میں رکنیت سازی مہم کی بھی سراہنا کی گئی ہے ۔ توقع ہے کہ جلد ہی چیف منسٹر کی جانب سے بلدی امیدواروں کا اعلان کردیاجائے گا کیونکہ چندر شیکھر راؤ اپنے امیدوارو ںکو عوام کے درمیان پہنچنے کا موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ مسائل سے آگہی کے ساتھ انہیں حل کرنے کے منصوبہ کو بھی تیار کرسکیں۔ کے ٹی آر نے سیاسی سرگرمیوں میں سوشل میڈیا کے بڑھتے رول کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ جماعت ہے اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے عوام تک رسائی حاصل کرنے میں ریکارڈ رکھتی ہے اسی لئے تلنگانہ راشٹرسمیتی نے فیصلہ کیا کہ ریاست میں تمام مراکز رائے دہی سطح پر کمیٹیوں میں سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر عہدہ کو شامل کیا جائے تاکہ نوجوانوں کے ساتھ علاقہ کے عوام کو بھی بوتھ سطح پر پارٹی سے جوڑا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے منصوبوں اور اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں پارٹی قائدین و کارکنوں کو کردار ادا کرنا چاہئے اور انہیں مجوزہ بلدی انتخابات کیلئے مکمل تیار ہنے کی ضرورت ہے کیونکہ کسی بھی وقت ریاست میںبلدی انتخابات کو ہری جھنڈی دکھائی جا سکتی ہے۔