کے ٹی آر کے اطراف قائدین کا ہجوم، نئے سال کی مبارکباد دینے عوامی نمائندے امنڈ آئے
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون میں آج پارٹی کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرنے کیلئے ارکان پارلیمنٹ اسمبلی اور کونسل کے علاوہ سینئر قائدین کا تانتا بندھ گیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے آبپاشی پراجکٹس کے معائنہ کیلئے روانگی کے سبب نئے سال کی مبارکباد دینے والے قائدین سے ملاقات نہیں کی جس کے باعث کے ٹی آر کے پاس ہجوم دیکھا گیا ۔ ویسے بھی ٹی آر ایس اور حکومت میں کے ٹی آر اپنے والد کے بعد اقتدار کا مرکز ہیں اور تمام قائدین ان کے اطراف گھوم رہے ہیں۔ کابینہ کی عدم تشکیل کے باعث نومنتخب ارکان اسمبلی ابھی سے پیروی کا آغاز کرچکے ہیں ۔ کے ٹی آر کے تلنگانہ پہنچنے سے قبل ہی قائدین بڑی تعداد میں پہنچ چکے تھے۔ کارگزار صدر نے نئے سال کے موقع پر کیک کاٹا اور مبارکباد پیش کی ۔ کئی ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی نے مبارکباد پیش کرنے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی اور کے ٹی آر کے ساتھ تصویر کشی کی ۔ اس سے قبل کبھی بھی کے ٹی آر اس قدر قائدین کی توجہ کا مرکز نہیں رہے۔ کابینہ کی عدم تشکیل اور پارٹی میں اہم ذمہ داری دیئے جانے کے بعد سے وہ پاور سنٹر بن چکے ہیں۔