ٹی آر ایس وزارت میں تلنگانہ کے غداروں کو شامل کیا گیا

   

تحریک میں شامل افراد نظر انداز، بی جے پی رکن پارلیمنٹ بی سنجے کا ا لزام

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست (سیاست نیوز) کریم نگر کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بی سنجے نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس میں موجود قائدین تلنگانہ کے غدار ہیں اور وزارت میں ایک بھی شخص کا تعلق تلنگانہ تحریک سے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک سے وابستہ افراد کو ٹی آر ایس نے نظر انداز کردیا ہے اور تحریک کی مخالفت کرنے والوں کو کابینہ میں شامل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران اپنی جائیدادیں قربان کرنے والے اور جیل کی صعوبتیں برداشت کرنے والوں میں ایک بھی ٹی آر ایس میں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ تلنگانہ کے حقیقی قائدین بتدریج بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے خاتمہ کیلئے بی جے پی نے جنگ کی تیاری کرلی ہے۔ ٹی آر ایس کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے قائدین کو جیل بھیجنے کے لئے بی جے پی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین پولیس مقدمات اور پولیس کی لاٹھیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا کے بارے میں کے ٹی آر نے جو ریمارک کیا ہے ، انہیں کریم نگر کے عوام سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا عہدہ حاصل نہ ہونے پر بوکھلاہٹ کا شکار کے ٹی آر اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار رہیں کیونکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار حکومت کے اشارہ پر کام کرتے ہوئے بی جے پی کارکنوں کو ہراساں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں حکومت کے خلاف پوسٹ کرنے پر نوجوانوں کارکن کے افراد خاندان کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔