اتم کمار ریڈی کا الزام ، ایم ایل سی الیکشن میں سبق سکھانے رائے دہندوں سے اپیل
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس و بی جے پی نے تلنگانہ کے طلبہ اور نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے گریجویٹ رائے دہندوں سے اپیل کی کہ ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو کامیاب بناتے ہوئے مرکز اور ریاستی حکومتوں کو سبق سکھائیں۔ اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون میں پارٹی کی محاذی تنظیموں کے قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے محاذی تنظیموں کو ہدایت دی کہ وہ دونوں حلقہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو بی جے پی اور ٹی آر ایس کی ناکامیوں سے واقف کرائیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور سرکاری ملازمین کیلئے پی آر سی پر عمل آوری میں ناکام ہوچکی ہے ۔ بی جے پی فرقہ پرست پارٹی ہے جو رام مندر اور دیگر مذہبی مسائل کو انتخابی موضوع بناتے ہوئے عوام کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ فرقہ وارانہ مہم کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوششیں افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ کی ترقی ہوئی ہے جبکہ چندر شیکھر راؤ نے 6 برسوں میں ریاست کو مقروض کردیا ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانہ پر کرپشن کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایک لاکھ 91 ہزار جائیدادیں سرکاری محکمہ جات میں خالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کو سبق سکھانے کیلئے عوام یہ فیصلہ کرلیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے ایم ایل سی کی دونوں نشستوں پر کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ کانگریس کے دونوں امیدوار چنا ریڈی اور راملو نائک منتخب ہونے کے بعد طلبہ اور نوجوانوں کی بھلائی کیلئے مساعی کریں گے ۔