چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت والی حکومت پر اعتماد ، پارٹی قائدین کا بیان
حیدرآباد۔25ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرسمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ کارگذار صدر کی قیادت میں بلدی انتخابات میں حصہ لے گی اور پارٹی قائدین کو مسٹر کے ٹی راما راؤ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔ ریاستی وزیر پنچایت مسٹر ای دیاکر راؤ نے یہ بات کہی اور کہا کہ مسٹر کے ٹی راما راؤ کی قیادت میں ان بلدی انتخابات کے دوران پارٹی اپنی کامیابی کی نئی تاریخ درج کرے گی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات کے سبب ریاست کے عوام تلنگانہ راشٹرسمیتی کے ساتھ ہیں اور انہیں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت و الی حکومت پر مکمل اعتماد کے سبب بیشتر انتخابات میں ٹی آر ایس کو تاریخ ساز کامیابی فراہم کررہے ہیں۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات اور مسٹر کے ٹی راما راؤ کی قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ تلنگانہ راشٹر سمیتی مجوزہ بلدی انتخابات کے دوران تاریخ ساز کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپوزیشن کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔انہوں نے بتایا کہ بلدی انتخابات کے تمام امور کی نگرانی مسٹر کے ٹی راما راؤ ہی انتخابی مہم کی نگرانی بھی کریں گے۔مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرنے والے عوام بلدی انتخابات کے دوران اپوزیشن بالخصوص کانگریس کے امیدواروں کی ضمانتوں کو بھی ضبط کروائیں گے کیونکہ انہیں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے دوراقتدار میں ترقی کے ثمرات حاصل ہورہے ہیں اور وہ اس ترقی کو دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے چیف منسٹر کی جانب سے شروع کی جانے والی اسکیم اور ہر دیہی علاقہ کو ترقی کے علاوہ ہر بلدیہ کو 100 کروڑ روپئے کی فراہمی کے ذریعہ فراہم کی جانے والی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کی مجموعی ترقی کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے دیہی اور شہری عوام پوری طرح سے مطمئن ہیں اور عوام کے رجحان کو دیکھتے ہوئے کانگریس بلدی انتخابات میں حصہ لینے کی جرأت بھی نہیں کرپارہی ہے کیونکہ کانگریس کو انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی اپنی شکست کے واضح آثار نظر آنے لگے ہیں۔