ٹی آر ٹی منتخب امیدواروں کے تقررات کیلئے ریونت ریڈی کا چیف منسٹر کو مکتوب

   

کے سی آر کو بیروزگار نوجوانوں کی کوئی فکر نہیں، خاندان کی سیاسی بیروزگاری ختم کرنے پر توجہ
حیدرآباد۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹی آر ٹی ٹسٹ میں کامیاب امیدواروں کو فوری تقررات کے احکامات حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اساتذہ کے تقررات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نئی دہلی کے دورے اور حضورنگر کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں کچھ زیادہ ہی سنجیدہ ہیں اور عوامی مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ کئی وعدے کیے گئے تھے لیکن ان کی تکمیل میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انتخابات سے قبل بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ بھتے کا اعلان کیا گیا لیکن اسکیم پر آج تک عمل نہیں کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش رائو جو سیاسی طور پر بیروزگار تھے انہیں چیف منسٹر نے جلد بازی میں کابینہ میں شامل کرلیا لیکن ٹی آر ٹی امتحان میں کامیاب امیدواروں سے انہیں کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح وہ چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون سے گزررہے تھے جہاں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ انصاف کے لیے احتجاج میں مصروف تھے۔ ٹی آر ٹی کامیاب امیدوار فوری تقررات کی مانگ کررہے تھے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے امیدواروں سے بات چیت کرتے ہوئے حقائق جاننے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ٹی ملازمتوں کے سلسلہ میں 2017ء میں امتحانات منعقد کی گئے تھے لیکن ابھی تک تقررات کے احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ نتائج کی اجرائی کو ڈھائی سال مکمل ہوچکے ہیں لیکن امیدوار ابھی تک تقررات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے خاتمہ کا دعوی کرنے والی حکومت امیدواروں سے ناانصافی کررہی ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کو اپنے افراد خاندان کی سیاسی بیروزگاری دور کرنے کی فکر اساتذہ کے تقررات سے زیادہ ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں بیروزگار نوجوان امتحانات میں کامیابی کے بعد تقررات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے امیدواروں کے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا اور حکومت سے مانگ کی کہ وہ تقررات کے احکامات فی الفور جاری کرے۔