ٹی ایم سی کی راجیہ سبھا فہرست میں صحافی ساگریکا بھی شامل

   

ندیم الحق کو تیسری مرتبہ ایوان بالاکارکن بنانے ممتا بنرجی کا اعلان
کولکاتا: ترنمول کانگریس نے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹرممتا بنرجی کے نامزد امیدوار پیر کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔اس مرتبہ محمد ندیم الحق کے علاوہ کسی بھی رخصت پذیر راجیہ سبھا ممبر کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ ندیم الحق ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر تیسری مرتبہ راجیہ کیلئے منتخب ہوں گے۔ دیگر تین امیدواروں میں سابق ایم پی سشمیتا دیو، سابق ایم پی متوا مہاسنگھ سنگھاپتی ممتابالا ٹھاکر اور صحافی ساگریکا گھوش شامل ہیں۔جنوبی 24 پرگنہ ضلع (صدر) ترنمول کے صدر سبھاشیس چکرورتی، ابیررنجن بسواس اور شانتنو سین کو دوسری مرتبہ امیدوار نہیں بنایا گیا ہے۔ اس مرتبہ راجیہ سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس چار سیٹوں پر جیت حاصل کر سکتی ہے۔ سشمیتا دیو کو ایک مرتبہ پھر امیدوار بنایا گیا ہے۔ کانگریس چھوڑ کر 2021 میں ترنمول میں شامل ہونے کے بعد، ترنمول نے انہیں مانس بھوئیاں کی خالی کردہ راجیہ سبھا سیٹ سے راجیہ سبھا بھیجا تھا۔ سشمیتا نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بھی دیڑھ سال تک اچھا کام کیا لیکن ممتا بنرجی نے گزشتہ سال ان کی میعاد ختم ہونے کے بعد سشمیتا دیو کو دوبارہ راجیہ سبھا میں نہیں بھیجا تھا۔
ترنمول کانگریس کا کہنا تھا کہ آنجہانی سنتوش موہن دیب کی بیٹی 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں آسام کے سلچر سے ترنمول کی امیدوار ہو سکتی ہے۔