صد فیصد الکٹرک بسیں ، 12 خصوصی راہداریاں ، تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 کا مسودہ تیار کیا گیا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے اپنے جامع ویژن 2047 کے تحت ریاست میں ٹرانسپورٹ کے ڈھانچے کو مکمل طور پر بدلنے کا منصوبہ پیش کیا ہے ۔ جس میں شہری ، مضافاتی اور بین ضلعی سفر کو جدید تیز رفتار اور ماحول دوست بنانے کے لیے بڑے فیصلے شامل ہیں ۔ منصوبے کے مطابق حیدرآباد میں 8 انٹر سٹی بس ٹرمنلس قائم کئے جائیں گے ۔ جن میں باٹا سنگارام ، ابراہیم پٹنم ، شمس آباد ، معین آباد ، میڑچل ، شاہ میر پیٹ ، گھٹکیسر اور فیوچر سٹی شامل ہیں ۔ ان میں سے پانچ 2030 اور ماباقی تین 2039 تک دستیاب ہوں گے ۔ اس وقت آر ٹی سی کے پاس 9878 بسیں موجود ہیں جب کہ 2030 تک 2132 نئی بسیں شامل کی جائیں گی اور 2047 تک مزید 13522 بسوں کا اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ فی الحال 60 لاکھ افراد روزانہ آر ٹی سی بسوں سے سفر کرتے ہیں ۔ امید کی جارہی ہے کہ 2039 تک یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ تک پہونچ جائے گی ۔ بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر 2047 تک جملہ 134 نئے بس ڈپو اور بس اسٹانڈس قائم کئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی 60 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی ۔ ٹریفک جام مسائل کے حل کے لیے آر ٹی سی نے 12 خصوصی بس کوریڈور بنانے کی تجویز تیار کی ہے ۔ ان میں چار راہداریوں کو 2030 تک اور 8 راہداریں 2039 تک مکمل کیا جائے گا ۔ آلودگی میں کمی کے لیے 2030 تک ڈیزل بسوں کو 30 فیصد تک کم کرنے اور 2039 تک صد فیصد الکٹرک بسوں کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ اسی سلسلے میں 2030 تک 51 بس اسٹانڈس پر سولار روف ٹاپ لگانے کا منصوبہ ہے ۔ جب کہ 2 ایکر اراضی رقبہ والی نصف خالی اراضیات پر سولار برقی کی پیداوار کے لیے استعمال کیا جاسکے ۔ مسافروں کی سہولت کے لیے آر ٹی سی 2030 تک اے آئی پر مبنی خدمات متعارف کرائے گی ۔ جس کے تحت اسمارٹ ، خدمات بھی شامل رہے گی ۔ بس اسٹیشن پر رئیل ٹائم ڈسپلے بورڈ لگائے جائیں گے ۔ جن پر بسوں کی آمد ، تاخیر اور منزل جیسی معلومات فراہم ہوں گی ۔ مسافروں کی طلب کے مطابق روڈ اور بسوں کی تعداد بھی اے آئی سسٹم طئے کرے گا ۔ ڈرائیونگ سسٹم کو محفوظ بنانے کے لیے 2030 تک 200 دور دراز سفر کرنے والی بسوں میں مانیٹرنگ ، سیفٹی سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 2047 تک یہ ٹکنالوجی تمام بسوں میں دستیاب ہوگی ۔ ریاست میں 9 دسمبر 2023 کو مہا لکشمی اسکیم متعارف کراتے ہوئے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ تاحال 243.95 کروڑ خواتین نے مفت سفر کیا ہے جس سے انہیں 8235 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی ہے ۔ سیلف ہیلپ گروپ خواتین کو فراہم کئے گئے فنڈز سے 3 مارچ 2025 تک 152 بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ حیدرآباد کے اندرون 2800 ORR الکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔ 2