پارلیمانی حلقہ سکندرآباد سے دوبارہ مقابلہ کا اشارہ

   

کسی دوسرے امیدوار کی نامزدگی پرکوئی اعتراض نہیں:دتاتریہ
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( این ایس ایس ) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ نے کہا ہے کہ وہ پھر ایک مرتبہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے انتخابی مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم انہوں نے واضح کردیا کہ پارٹی ہائی کمان اگر کسی دوسرے امیدوار کو نامزد کرنا چاہتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ دتاتریہ نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی تمام 17 حلقوں سے مقابلہ کرے گی اورامیدواروں کے انتخاب کے معاملہ میں بی جے پی دیگر جماعتوں سے آگے ہے۔ دتاتریہ نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کے عوام اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہی تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں اور وہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دینے کا عہد کرچکے ہیں۔باور کیا جاتا ہے کہ سابق رکن اسمبلی جی کشن ریڈی اور چند دیگر قائدین حلقہ سکندرآباد سے مقابلہ کے خواہاں ہیں۔