l ارکان نے نیلے رنگ کے کپڑوں کے ساتھ امبیڈکر سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا
lامیت شاہ کے امبیڈکر سے متعلق متنازعہ بیان پر ایوانوں میں بھی زبردست ہنگامہ
نئی دہلی: آج لوک سبھا میں اپوزیشن کے ارکان نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے متعلق دئیے گئے حالیہ بیان کے خلاف شدید احتجاج کیا جن میں کانگریس قائد راہول گاندھی بھی شامل تھے۔ اپوزیشن نے امیت شاہ سے معافی مانگنے اور ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ راہول گاندھی آج نیلی ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھے جبکہ پرینکا گاندھی نے بھی نیلی ساڑی زیب تن کی ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ دیگر اپوزیشن اراکین بھی نیلے رنگ کے کپڑے میں ملبوس تھے جو بابا صاحب امبیڈکر کے ساتھ اظہار یکجہتی کی علامت تھا۔لوک سبھا میں اپوزیشن رہنماؤں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں انڈیا بلاک کے اراکین نے پارلیمنٹ کے احاطے میں بابا صاحب امبیڈکر کی مورتی کے سامنے احتجاجی مارچ نکالا۔ پرینکا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے بابا صاحب کا مذاق اْڑایا ہے اور ان کی تصویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے جو ان کے مطابق بابا صاحب کے وقار کی توہین کے مترادف ہے۔وہیں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی اس مسئلہ پر آج بھی زبردست ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ اپوزیشن ارکان نے ’جئے بھیم‘ کے نعرے لگائے اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں امبیڈکر کے خلاف بی جے پی کے بیانات پر احتجاج جاری رکھا۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے اجلاس کے آغاز میں ایک رکن کو سالگرہ کی مبارکباد دی لیکن اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا۔ دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھاکی کارروائی میں آج بھی خلل پڑا۔ امیت شاہ کے بیان پر شدید ہنگامہ کی وجہ سے متعدد بار کارروائی ملتوی کی گئی۔آج کی کارروائی میں دونوں ایوانوں میں اپوزیشن اراکین نے اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور ان بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کیا جو امبیڈکر کی توہین کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔زبردست ہنگامہ کے بعد کارروائی ملتوی کردی گئی۔