پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات کا مطالبہ

   

جرائم میں اضافہ باعث تشویش، سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/8مارچ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے قانون ساز اداروں میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ گیتا مکرجی کمیٹی نے جو سفارشات پیش کی ہیں ان پر عمل آوری کی جائے۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ اسمبلی اور پارلیمنٹ میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات کا قانون پارلیمنٹ میں منظوری کا منتظر ہے۔کتہ گوڑم ضلع میں عالمی یوم خواتین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ فیصلہ سازی میں خواتین کو شریک بنانے کیلئے تحفظات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں سی پی آئی کی رکن گیتا مکرجی کی قیادت میں پارلیمانی کمیٹی نے 33 فیصد تحفظات کی سفارش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں این ٹی راما راؤ حکومت نے خواتین کو جائیداد میں مَردوں کے مساوی حصہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد میں ملک کی دیگر ریاستوں نے اس قانون کو اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ ریاگنگ اور دیگر واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ملک بھر میں شی ٹیموں کی تشکیل کا مشورہ دیا اور کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کیلئے سخت قانون سازی ناگزیر ہے۔ر