پارلیمنٹ میں گلے کون ملے گجرات میں پدیاترا کیوں نہیں کی جارہی ہے

   

منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کامیاب ہوگی ، ریاستی وزیر جگدیش ریڈی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کون کس کے گلے ملے ۔ گجرات میں انتخابات ہونے والے ہیں ۔ وہاں پدیاترا کرنے کے بجائے تلنگانہ میں راہول گاندھی کی پدیاترا سے اندازہ ہوگیا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں ۔ اپنے اپنے سیاسی اغراض و مقاصد کے لیے کانگریس اور بی جے پی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برقی نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ جب ان سے راہول گاندھی کی جانب سے ٹی آر ایس اور بی جے پی میں اتحاد ہونے کا الزام عائد کرنے کا سوال جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی عوام با شعور ہیں وہ کسی کے بہکاوے میں آنے والی نہیں ہے ۔ راہول گاندھی کا کانگریس پارٹی میں کیا رول ہے اور وہ کس حیثیت سے پدیاترا کررہے ہیں پارٹی صدارت سے انہوں نے راہ فرار اختیار کی ہے ۔ ایسے قائد کا مرکزی حکومت اور وزیراعظم سے ٹکر لینے والے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر جھوٹے الزامات عائد کرنا انہیں زیب نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب کے دوران بی جے پی کے قائدین نے سینکڑوں تقاریر کی ہیں مگر کسی نے بھی اسمبلی حلقہ منوگوڑ کو ترقی دینے یا مرکزی حکومت سے ترقیاتی اقدامات کرانے کا کوئی وعدہ نہیں کیا ہے ۔ تمام قائدین نے چیف منسٹر کے سی آر کو گالیاں دینے تک اپنے آپ کو محدود رکھا ہے ۔ جب بی جے پی کے قائدین کو اندازہ ہوگیا کہ انہیں شکست ہورہی ہے تو وہ تشدد پر اتر آئی ۔ عوام کو ووٹنگ سے روکنے کے لیے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررہے ہیں ۔ ایٹالہ راجندر سیاسی ڈرامہ بازی کررہے ہیں ۔ بی جے پی رائے دہی سے قبل اپنی شکست کے بہانے ڈھونڈنا شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے 2014 سے قبل تلنگانہ کی ترقی اور علحدہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کا جائزہ لینے اور اس کا گجرات ، مدھیہ پردیش ، اترپردیش کی ترقی سے محاسبہ کرنے پر زور دیا ۔ تلنگانہ کی ترقی سے متاثر ہو کر ملک کی دوسری ریاستوں کے عوام چیف منسٹر کے سی آر پر امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں ۔۔ ن