پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس آج سے نئی عمارت میں ہوگا

,

   

لوک سبھا کی 1:15بجے اور راجیہ سبھا کی2:15بجے سے کارروائی

نئی دہلی :پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 18 ستمبر یعنی پیر سے شروع ہو چکا ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں یعنی راجیہ سبھا اور لوک سبھا کی کارروائی کل دوپہر تک کیلئے ملتوی ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی اعلان کیا گیا ہے کہ 19 ستمبر کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کے لیے الگ الگ وقت بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق لوک سبھا کی کارروائی 19 ستمبر کو دوپہر 1.15 بجے اور راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 2.15 بجے شروع ہوگی۔ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پہلے دن لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے لوک سبھا کو مطلع کیا کہ پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس (قدیم) میں کارروائی کا آخری دن ہے اور آج کے بعد ایوان کی کارروائی نئی عمارت میں ہوگی۔ انھوں نے ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ سبھی اراکین نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں نئی امیدوں کے ساتھ داخل ہوں گے۔ایوان کو خطاب کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس حصول آزادی کی تاریخی گھڑی سے لے کر ہندوستانی آئین بننے کے مکمل عمل اور اس کے ساتھ جدید ملک کے قابل فخر جمہوری سفر کا گواہ رہا ہے۔ آزاد ہندوستان کی پہلی لوک سبھا کے اسپیکر گنیش واسودیو ماولنکر کو یاد کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ جمہوری ادارہ کے پہلے اسپیکر کی شکل میں انھوں نے اصول کمیٹی، خصوصی استحقاق کمیٹی، بزنس ایڈوائزری کمیٹی سمیت کئی دیگر کمیٹیوں کو قائم کیا اور ایوان کے اندر اعلیٰ روایات کی بنیاد رکھی۔ دیگر سبھی سابق لوک سبھا صدور کے تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ ان سے قبل 16 صدور نے پارلیمنٹ کی اعلیٰ روایات قائم کی ہیں۔