پارٹی رکنیت سازی اور کارکنوں کیلئے ٹریننگ کلاسیس پر توجہ دینے قائدین کو مشورہ

   

پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کا اجلاس، 2 اکٹوبر کو گاندھی جینتی بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ ریاست میں پارٹی کی رکنیت سازی ، مہاتما گاندھی کے 150 ویں جینتی تقاریب ، پارٹی کارکنوں کیلئے ٹریننگ کلاسس ، مجوزہ میونسپل انتخابات اور دیگر امور پر غور و خوض کیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اجلاس کی صدارت کی ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا ، سکریٹریز اے آئی سی سی سلیم احمد ، سرینواس کرشنن بوس راجو ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، کسم کمار ، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، سابق سی ایل پی لیڈرس کے جانا ریڈی ، محمد علی شبیر ، سابق وزیر جے گیتا ریڈی ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سمپت کمار ، ومشی چندر ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ آر سی کنتیا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رکنیت سازی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے ۔ پارٹی میں سرگرم کارکن کا کوئی زمرہ نہیں ہے۔ تمام عام رکن کی حیثیت سے شامل کئے جائیں۔ رکنیت سازی کیلئے صرف پانچ روپئے کی فیس مقرر کی گئی ہے ۔ سابق میں 20 لاکھ پارٹی کے رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی کیلئے کوئی نشانہ مقرر نہیں کیا گیا ہے اور ہر قائد کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں کم از کم 30 ہزار رکن بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کیلئے ٹریننگ کلاسس میں شامل کئے جانے والے امور کی منظوری آل انڈیا کانگریس کمیٹی سے حاصل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال معاشی ابتری کا شکار ہے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے پہلے ہی معاشی بدحالی کی پیش قیاسی کردی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین صرف سرخیوں اور تشہیر کیلئے کام کر رہی ہے۔ کنتیا نے بتایا کہ ملک کی معاشی صورتحال پر جلد ہی خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات کیلئے معاملہ عدالت میں ہے اور عدالت کے فیصلہ کے بعد کانگریس اپنی حکمت عملی طئے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کو پوری طرح تیار رہنا چاہئے ۔ یورانیم کیلئے کھدائی کے خلاف کانگریس نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2 اکتوبر کو مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی کے موقع پر 33 اضلاع میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 10 اکتوبر کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور 15 اکتوبر کو اسمبلی حلقوں کی سطح پر تقاریب منعقد کی جائیں گی۔