پارٹی قائدین کی ناراضگیاں دور کرنے کے ٹی آر اور ہریش راؤ سرگرم

   

ایم یادگیری ریڈی کو آر ٹی سی صدرنشین اور ڈاکٹر راجیا ریتو سمنا ونئے کمیٹی کا صدرنشین بنانے کی افواہیں

حیدرآباد ۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس میں ناراض سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے کے ٹی آر اور ہریش راؤ سرگرم ہوگئے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور سے ٹکٹ سے محروم ہونے والے موجودہ بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی راجیا کو پارٹی میں اونچا مقام دینے کا تیقن دیا جس سے وہ مطمئن ہوگئے۔ پارٹی میں یہ افواہیں چل رہی ہیں کہ ریاستی ریتو سمناونئے کمیٹی کا انہیں صدرنشین بنایا جائے گا۔ دوسری طرف چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ جنگاؤں سے امیدوار کا اعلان نہیں کیا۔ یہاں ٹکٹ کیلئے موجودہ رکن اسمبلی ایم یادگیری ریڈی اور ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی کے درمیان مقابلہ چل رہا ہے۔ دونوں قائدین کو کے ٹی آر نے طلب کرتے ہوئے بات چیت کی ہے، جس کے بعد یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ پی راجیشور ریڈی کو ٹکٹ دینا یقینی ہوگیا ہے اور ٹکٹ سے محروم ہونے والے موجودہ رکن اسمبلی کو ٹی ایس آر ٹی سی کا صدرنشین بنانے کا قوی امکان ہے۔ ان افواہوں پر ایم یادگیری ریڈی نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ کے مسئلہ پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ کے ٹی آر دو دن میں فیصلہ کریں گے۔ پارٹی قیادت کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اس کو قبول کریں گے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ نے انہیں ٹکٹ دینے کے باوجود ان کے فرزند کو میدک کا ٹکٹ نہ دینے پر وہ ناراض تھے۔ کل انہوں نے پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 115 امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ اسمبلی حلقہ جات جنگاؤں، نامپلی اور گوشہ محل کے امیدواروں کی ذمہ داری کے ٹی آر کے حوالے کی گئی ہے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اسمبلی حلقہ نرساپور سے صدرنشین تلنگانہ مہیلا کمیشن سنیتا لکشماریڈی کے نام پر سنجیدگی سے غورکیا جارہا ہے جبکہ اسمبلی حلقہ ملکاجگری کیلئے وزیر ملاریڈی کے داماد کے علاوہ خاتون قائد وجئے شانتی کے علاوہ بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل شمبھی پور راجو کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہیکہ چیف منسٹر کے سی آر آئندہ چند دنوں میں پارٹی امیدواروں کا سرکاری طور پر اعلان کریں گے۔ اس کے علاوہ پارٹی کے دوسرے ناراض قائدین کو بھی سمجھایا اور منایا جارہا ہے۔ن