وزیراعظم ہند و وزیر داخلہ کی تضاد بیانی سے شہری مخمصہ کا شکار
حیدرآباد۔30 ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک میں پاسپورٹ بھیہندستانی ہونے کا ثبوت نہیں ہے!جی ہاں جو اطلاعات گشت کر رہی ہیں ان کے مطابق ہندستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیا جانے والا پاسپورٹ جو دنیا بھر میں ہمیں ہندستانی کی شناخت فراہم کرتا ہے وہ ہندستان میں ہمیں صرف شہری کا درجہ دیتا ہے اور کہاجا رہا ہے کہ کسی شخص کے پاس پاسپورٹ کا موجود ہونا اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ وہ اس ملک کا باشندہ ہے بلکہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس ملک میں مقیم رہتے ہوئے اس نے پاسپورٹ حاصل کیا ہے۔ ملک بھر میں پاسپورٹ رکھنے والوں کی تعداد کے متعلق اختلاف رائے ہے لیکن کارکرد پاسپورٹ جن لوگوں کے پاس ہے ان کا فیصد 10 سے بھی تجاوز نہیں کرتا لیکن اب ان کے لئے بھی مسائل پیدا ہونے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ این پی آر میں پاسپورٹ قبول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم ہند اور مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے کی جانے والی تضاد بیانیوں کے دوران عوام شدید مخمصہ میں مبتلاء ہیں اور اس بات کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں آخر کونسا دستاویز ہے جو کہ ہندستانی شہریت کو ثات کرسکتا ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ کے ایک فیصلہ کے مطابق جو کہ 2013میں دیا گیا تھا کے مطابق صرف پاسپورٹ ہی شہریت کے ثبوت کیلئے کافی نہیں ہے جبکہ پاسپورٹ کے حصول کیلئے جو دستاویزات جمع کروائے جاتے ہیں ان کے اعتبار سے پاسپورٹ شہریت کے ثبوت کے لئے کافی دستاویز ہونا چاہئے تھا لیکن اب جو بات کہی جا رہی ہے وہ بمبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ کی بنیاد پر کہی جارہی ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے قانون ترمیم شہریت کے منظور کروائے جانے کے بعد این آر سی اور این پی آر کے نام پر اکٹھا کی جانے والی تفصیلات میں تمام دستاویزات کے حصول کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی اور جن کے پاس لازمی دستاویزات نہیں ہوں گے انہیں درانداز قرار دینے کا جواز برقرار رہے گا کیونکہ اکثر شہریوں کے پاس تمام دستاویزات نہیں ہوتے اور انہیں اب تک ان دستاویزات کی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوا کرتی تھی لیکن اب اس قانون کے بعد شہریوں کی جانب سے دستاویزات کی تفصیلات کے متعلق اور ان کی اہمیت کے سلسلہ میں جانکاری حاصل کی جا رہی ہے ان تفصیلات کے حصول کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ہندستان میں پاسپورٹ کے ساتھ اگر فہرست رائے دہندگان میں نام‘ صداقتنامۂ پیدائش یا والدین کی شہریت کے دستاویزات کے علاوہ جائیداد کی خرید و فروخت کے دستاویزات لازمی ہیںجو شہریت کو ثابت کر سکتے ہیں ۔ہندستان میں سال 2016 کے اواخرتک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو پاسپورٹ رکھنے والوں کی تعداد 6تا7کروڑ کے درمیان رہی لیکن اس کے بعد پاسپورٹ کی اجرائی آسان کردیئے جا نے کے سبب بڑی تعداد میں ہندستانی شہریوں نے پاسپورٹ بنائے ہیں۔