طویل مدت کے انتظات کو ختم کرنے کیلئے عوام کو سہولت کی فراہمی
حیدرآباد۔11۔مئی (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا کے مطابق پاسپورٹ سے متعلق درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی اور طویل مدت کے انتظار کو ختم کرنے کیلئے 26 اپریل تا 12 مئی 5500 زائد اپائنٹمنٹس جاری کئے گئے ۔ ہفتہ29 اپریل کو خصوصی مہم کے تحت 3056 اپائنٹمنٹس کی اجرائی عمل میں آئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 5 پاسپورٹس سیوا کیندر بیگم پیٹ ، امیر پیٹ ، ٹولی چوکی ، کریم نگر اور نظام آباد میں 15 مئی تا 31 مئی مزید 7150 زائد اپائنٹمنٹس کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ تتکال ، نارمل اور پولیس کلیئرنس زمروں میں یہ اپائنٹمنٹس رہیں گے۔ ڈی بالیا کے مطابق زائد اپائنٹمنٹس 12 مئی جمعہ سے شروع ہوں گے اور ہر جمعہ اور چہارشنبہ کو دیئے جائیں گے۔ ایسے درخواست گزار جنہوں نے درخواستیں دائر کردی ہیں یا درخواستیں داخل کرنے کے خواہاں ہیں ، وہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ ویب سائیٹ www.passportindia.gov.in سے استفادہ کیا جاسکتا ہے یا پھر پاسپورٹ سیوا ایپ کی مدد لی جاسکتی ہے۔ درخواست گزاروں کیلئے وضاحت کی گئی ہے کہ اپاینٹمنٹ کے بغیر داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پاسپورٹ سے متعلق امور کی یکسوئی کیلئے درمیانی افراد اور بروکرس سے رجوع نہ ہوں۔ر