پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے یوسف شریف قیمتی گاڑیوں کے مالک

   

امیتابھ بچن کی رولس رائس گاڑی خریدی، کرناٹک کے کامیاب تاجروں اور سیاستدانوں میں شمار

حیدرآباد۔/27اکٹوبر، ( سیاست نیوز) دولت کے حصول کیلئے تعلیمی قابلیت کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ ذہانت اور محنت کا جذبہ ہو تو انسان تعلیم کے بغیر بھی ترقی کرسکتا ہے اس کی تازہ مثال بنگلور کے یوسف شریف ہیں۔ بنگلور میں لوگ انہیں کے جی ایف بابو یا گجاری بابو کے نام سے جانتے ہیں۔ کرناٹک کے بڑے بزنس مین اور سیاستداں کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھنے والے یوسف شریف نے کولار میں اسکراپ کے بزنس سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اپنے تجارتی سفر کے دوران حکومت کے آکشن میں کئی مشنریز اور جائیدادیں حاصل کی۔ یہ وہی شخص ہیں جنہوں نے امیتابھ بچن کی Rolls-Rovice پینتھم گاڑی کو خریدا ہے۔ یوسف شریف کے پاس اس وقت قیمتی گاڑیوں کا ایک غیر معمولی کلکشن ہے۔ ایک نیوز چینل نے یو ٹیوب پر یوسف شریف کے فرزند کی شادی کا ویڈیو دکھایا جس میں شریف کے پاس موجود لکثرری گاڑیوں کی قطار دیکھی گئی۔ ان گاڑیوں میں رولس رائس پینتھم گاڑی شامل ہے جو کبھی امیتابھ بچن کی ملکیت تھی۔ ویڈیو میں جو گاڑیاں دکھائی گئیں بی ایم ڈبلیو 5 سیریز ، آوڈیA8 ، آوڈی Q7 ،آوڈیA4 ، ٹوئیٹا ویلفائیر، بینٹلے ملسانے، مرسیڈیز بینز S کلاس، فیراری، آسٹن مارٹن اور آوڈی R8 شامل ہیں۔ یوسف شریف اور ان کے افراد خاندان کی ملکیت والی یہ گاڑیاں نہ صرف بنگلور بلکہ ملک بھر میں منفرد شناخت رکھتی ہیں۔ یوسف شریف اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب امیتابھ بچن نے اپنی گاڑی یوسف شریف کی کمپنی عمرہ ڈیولپرس کو فروخت کی تھی۔ یہ کار ڈائرکٹر ویدھو ونود چوپڑا نے فلم ’ ایکلویہ‘ کی تکمیل پر امیتابھ بچن کو بطور تحفہ پیش کی تھی۔ شریف نے اس گاڑی کو خریدنے کے بعد بنگلور میں استعمال کیا۔ بنگلور میں تلاشی مہم کے دوران فرضی دستاویزات پیش کرنے پر گاڑی کو حکام نے ضبط کرلیا تھا۔ کار کا انشورنس اور پولیوشن سرٹیفکیٹ بھی نہیں تھا۔ یوسف شریف نے 5500 روپئے جرمانہ ادا کرتے ہوئے گاڑی حاصل کی۔ امیتابھ بچن کو رولس رائس پینتھم گاڑی 2007 میں دی گئی تھی جب اس کی قیمت 3.5 کروڑ تھی۔ اس گاڑی کی موجودہ قیمت 8.99 کروڑ سے شروع ہوتی ہے اور 10.48 کروڑ تک اس کی قیمت ہے۔ رولس رائس پینتھم گاڑی کئی خوبیوں کی حامل ہے۔ یوسف شریف ایک کامیاب بزنس مین کے علاوہ سرگرم سیاستداں بھی ہیں۔ ان کے خلاف دیگر سیاستدانوں کی طرح 8 کریمنل کیسیس درج ہیں جن میں سے بعض زیر تحقیقات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یوسف شریف نے صرف پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کی لیکن ان کی کاروں کا کلکشن تعلیم سے زیادہ ترقی کو پیش کرتا ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تمام قیمتی گاڑیاں یوسف شریف نے نئی خریدی ہیں یا پھر استعمال شدہ گاڑیاں حاصل کی۔ ہندوستان میں بہت کم سلیبریٹیز کے پاس قیمتی گاڑیاں موجود ہیں۔1