یلاریڈی۔/23جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ کے پرملا علاقہ کے قریب تالاب میں تشنگی دور کرنے کی غرض سے پہنچی نیل گائے کیچڑ میں پھنس گئی۔ ایف آر او شریمتی انورادھا کی تفصیلات کے مطابق رات کو پانی پینے کیلئے تالاب پر آئی نیل گائے دوسرے پالتو جانوروں کو تالاب کے اندر اُترتا دیکھ کر یہ بھی اندر اُتر گئی اور اس میں موجود کیچڑ میں پھنس گئی۔ جس پر یہ باہر نہ نکل سکی جسے قریبی عوام نے دیکھ کر محکمہ صحرا کے عہدیداروں کو اطلاع دی۔ عہدیداروں نے تالاب پر پہنچ کر لوگوں کی مدد سے نیل گائے کو کیچڑ سے باہر نکالا اور گاڑی میں لنگم پیٹ حیوانات دواخانہ لے گئے۔ اس کے جسم پر کچھ جگہ چھوٹے چھوٹے زخم لگے تھے جس پر ڈاکٹر روی کمار نے دوائیں لگاکر علاج کیا۔ وہاں سے عہدیداروں نے اسے پوچارم کے صحرا میں لے جاکر چھوڑ دیا۔ صحرا میں جانوروں کو تشنگی دور کرنے کیلئے ساسر پلیٹ خالی رکھے جانے سے بھی جانور آب کی تلاش میں باہر نکل آرہے ہیں۔ جس کا عہدیداروں کو خیال رکھنا ضروری ہے۔