برلن ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ساری دنیا میں کورونا وائرس کے قہر کے درمیان کئی ایسے لوگ بھی ہیں جنھوں نے اس وائرس کو شکست دے کر ایک نئی زندگی حاصل کی ہے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پوری دنیا میں اب تک 6 لاکھ سے زائد افراد اس وائرس کی زد میں ہیں اور 1 لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ ان افراد میں سے ہی ایک ہیں ارجنٹائنا کے اسٹار فٹبالر پاؤلو دیبالا۔ انہوں نے کورونا پر فتح حاصل کرنے کے بعد لوگوں کے سامنے اپنے تکلیف دہ اور مشکل وقت کی داستان بیان کی ہے۔پاؤلو دیبالا گزشتہ کچھ دنوں کو اپنی زندگی کے لیے ایک برا خواب بتاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے میں بہت مشکل میں تھا۔ ہر5 منٹ میں سانس پھولنے لگتی تھی اور پٹھوں میں سختی آ جاتی تھی۔ ہم بالکل بے بس ہو گئے تھے۔دیبالا نے مزید کہا کہ خطرناک انفیکشن کے بعد اب میں بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ کچھ دن جوگزرے، وہ میرے لیے برے خواب کی طرح تھے۔ میں بہت بھاری محسوس کر رہا تھا۔ ہر5 منٹ میں کچھ چلنے کے بعد رک جاتا تھا کیونکہ میری سانس پھولنے لگتی تھی۔ میں سانس لینے کے لیے مشقت کرتا تھا اور ہانپتا رہتا تھا۔ اسٹار فٹبالر دیبالا اپنی داستان سناتے ہوئے مزید کہا کہ میں کچھ نہیں کر سکتا تھا بہت تھکن ہو جایا کرتی تھی۔ جسم بھی بھاری محسوس ہونے لگتا تھا اور پٹھوں میں سختی کی وجہ سے بہت پریشانی ہوتی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ دیبالا کے ساتھ ساتھ ان کی منگیتر اور ارجنٹائنا کی گلوکارہ اوریانا سباتینی بھی کورونا کی زد میں آ گئی تھیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ وہ بھی اب ٹھیک ہیں۔ واضح رہے کہ دیبالا اٹلی کے کلب یووینٹس کی جانب سے کھیلتے ہیں اور یہ ملک اس وقت سب سے زیادہ کورونا کے قہر کا شکار ہے۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار کی طرف گامزن ہے۔ دیبالا یووینٹس کے مقبول کھلاڑی ہیں اور انھوں نے اس سیزن کے سبھی ٹورنامنٹس میں 13 گول بنائے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اٹلی کی فٹبال لیگ سیری اے سمیت دنیا بھر کے سبھی ٹورنمنٹ کو یا تو منسوخ کر دیا گیا ہے یا ملتوی کیا گیا ہے۔ دیبالہ نے پچھلا میچ انٹر میلان کے خلاف کھیلا تھا۔ اس میں یووینٹس 0-2 سے فتحیاب ہوا تھا۔ میچ میں آرون رامسے نے 54ویں اور دیبالہ نے 67ویں منٹ میں ایک ایک گول کیا تھا۔