پاپ اسٹار لیڈی گاگا کی ٹرمپ اور پنس پر کڑی تنقید

   

لاس اینجلس ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی پاپ اسٹار لیڈی گاگا نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس کو ملک میں جاری شٹ ڈاؤن کیلئے ہدف تنقید بنایا۔ 19 جنوری کو لاس ویگاس میں ’’ملین ریزنس‘‘ کے عنوان سے پیانو پر اپنے پرفارمنس کے دوران کچھ دیر توقف کرتے ہوئے صدر اور نائب صدر کے لئے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا جنہیں ضبط تحریر میں نہیں لایا جاسکتا۔ لیڈی گاگا نے کہا کہ صدر اور نائب صدر کو ہمارے ملک کی معیشت کو دوبارہ ایستادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ آج امریکہ میں ایسے لاکھوں لوگ ہیں جو روز کنواں کھوتے ہیں اور روز پانی پیتے ہیں۔ انہیں ان کی محنت کی اجرت ضرور ملنی چاہئے لیکن شٹ ڈاؤن نے ان سب کی حالت بھی ’’ڈاؤن‘‘ کردی ہے۔ لیڈی گاگا نے مائیک پنس کو خصوصی طور پر نشانہ بناتے ہوئے ان کی بیوی کا بھی تذکرہ کیا جو ایک ایسے اسکول میں کام کرتی ہیں جہاں مخنثوں (ہجڑوں) کو داخلہ نہیں دیا جاتا لہٰذا مائیک پنس ایک سچے عیسائی نہیں ہوسکتے جنہوں نے اپنی بیوی کو ایک ایسے اسکول میں کام کرنے کی اجازت دی ہے جہاں ٹرانسجینڈر (ہجڑے) کو داخلہ نہیں دیا جاتا۔ میں بھی ایک عیسائی ہوں اور ہماری تعلیمات کے مطابق کسی کے ساتھ بھی امتیازی سلوک نہیں کرنا چاہئے بلکہ ہر ایک کا ہر مقام پر خیرمقدم کرنا چاہئے۔ لیڈی گاگا کے یہ ریمارکس سن کر ہزاروں کی تعداد میں تماشہ بینوں نے تالیاں بجائیں۔