اسلام آباد : پاکستان قومی اسمبلی نے ایک بل منظور کیا ہے جس سے کلبھوشن یادیو کو سول عدالت میں اپیل کا حق مل سکے گا۔ پاکستان کی ایک فوجی عدالت جاسوسی اور تخریب کاری کے الزام میں انہیں موت کی سزا سنا چکی ہے۔ ہندوستان کے مبینہ جاسوس کلبھوشن یادیو کے اہل خانہ اور ان کے دوستوں نے اس پاکستانی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، جس کے تحت کلبھوشن کو اپنی سزا کے خلاف سول عدالت میں اپیل کرنے کی اجازت مل جائے گی۔پاکستانی قومی اسمبلی نے جمعرات کے روز جو بل منظور کیا، اس کے تحت بیرونی ممالک کے شہریوں کو، خاص طور پر جن کے کیس کا تعلق بین الاقوامی فوجداری عدالت سے ہو، انہیں یہ حق دے دیا گیا ہے کہ وہ اپنے خلاف فیصلے پر نظر ثانی کے لیے ہائی کورٹ اور عدالت عظمیٰ جیسی اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔اس بل کی روشنی میں کلبھوشن یادیو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے تقاضوں کے مطابق فوجی عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ اور عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر سکیں گے۔