لاہور: پاکستان کے پیس بولر حسن علی پاکستان سوپر لیگ میں اپنی گیندبازی سے دھوم مچا رہے ہیں۔ 28 سالہ حسن رواں سیزن میں اب تک 3 میچوں میں 7 وکٹیں لے چکے ہیں۔ اس گیند باز نے 2019 ء میں دبئی میں ہندوستانی انجینئر شامیہ آرزو سے نکاح کیا تھا۔ شامیہ ہریانہ کے ضلع نوح کے میوات کی رہنے والی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں کی پہلی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ دونوں میں دوستی ہوگئی جو بعد میں محبت میں بدل گئی۔ دونوں نے خاندان کی رضامندی سے دبئی میں شادی کی۔ شامیہ نے کافی وقت پہلے بتایا تھا کہ اُن کے پسندیدہ بیاٹر ویراٹ کوہلی ہیں جبکہ پسندیدہ گیندباز شوہر حسن علی ہیں۔ شامیہ کے والد لیاقت علی بی ڈی او سے ریٹائرڈ ہیں۔ شامیہ نے ایروناٹیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے۔ حسن علی ہندوستانی لڑکی سے شادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہیں۔ ان سے پہلے ظہیر عباس، محسن خان اور شعیب ملک ہندوستانی لڑکی کو اپنی دلہن بنا چکے ہیں۔