میکسیکو : پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرہ سلیم نے خلا میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی۔ نمیرہ سلیم کی خلا میں پہنچنے کی ویڈیو بھی آگئی۔ نمیرہ سلیم خلا میں روانگی کیلئے نیو مکسیکو سے روانہ ہوئیں، جہاں سے انہیں پاکستانی قونصل جنرل آفتاب چودھری اور دیگر رشتہ داروں نے رخصت کیا۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نمیرہ سلیم 21 اپریل2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔ وہ خلاء میں پاکستانی پرچم لہرائیں گی۔ نمیرہ سلیم نے خلا پر روانگی سے قبل نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی۔ انہوں نے نگران وزیر اطلاعات کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006ء میں نمیرہ کو باضابطہ طور پر ملک کی پہلی خلا باز کے طور پر تسلیم کیا تھا۔ نمیرہ سلیم نے 2007ء میں پاکستان کے لیے سیاحت کی اعزازی سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔ نمیرہ سلیم کے پاس اپریل 2007ء میں قطب شمالی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا بھی اعزاز موجود ہے۔