پاکستانی سنیٹ چیرمین کا دورہ عرب امارات منسوخ

   

وزیر اعظم مودی کو اعلی ترین اعزاز کی پیشکشی پر ناراضگی
اسلام آباد۔25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سنیٹ کے چیرمین صادق سنجرانی نے اتوار کو مقررہ اپنے سرکاری دورہ متحدہ عرب امارات منسوخ کردیا۔ اس سے ایک دن قبل امارات نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو وہاں ان کے دورہ کے موقع پر اپنا اعلی ترین قومی اعزاز عطا کیا تھا۔ سنجرانی، حکومت متحدہ عرب امارات کی دعوت پر 25 تا 28 اگست اپنے پاکستانی وفد کے ساتھ اس خلیجی ملک کا دورہ کرنے والے تھے۔ متحدہ عرب کے ارکان پارلیمان اور سرکاری حکام سے ان کی ملاقاتیں بھی مقرر تھیں۔ تاہم سنجرانی نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی پر زور تائید کے طور پر اپنا دورہ متحدہ عرب امارات منسوخ کردیا۔ ہند۔امارات باہمی تعلقات کو غیر معمولی فروغ دینے وزیراعظم مودی کی مساعی کا اعتراف کرتے ہوئے ابوظبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہفتہ کو انہیں اعلی ترین قومی اعزاز آرڈر آف زاید عطا کیا تھا۔ اس دوران پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں ایک مرتبہ حقائق پیش کئے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات کبھی پاکستان کو مایوس نہیں کرے گا۔