دبئی ۔ ورلڈ کپ 2023ء کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے ہندوستانی ویزے تاخیر کا شکار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کے پہلے ورم اپ میچ میں صرف 7 دن باقی ہیں لیکن اب تک کھلاڑیوں کو ہندوستانی ویزے جاری نہیں ہوسکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی اسکواڈ کے ویزا اجراء کے حوالے سے پریشان ہے، اس مسئلہ پر بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کہا کہ معاہدے کے مطابق بروقت ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں، اسکواڈ اورشائقین کے ویزوں کے حوالے سے حکام نہیں بتا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی ایک ہفتے سے ہندوستانی قونصل خانے سے رابطے میں ہے، ہفتے کے آغاز میں ویزوں کے جلد اجراء کے حوالے سے کہا گیا لیکن ویزے نہ مل سکے۔ پاکستان اسکواڈ کو 26 ستمبر براستہ دبئی ہندوستان روانہ ہونا ہے، پاکستان کا پہلا وارم اپ میچ 29 ستمبرکو نیوزی لینڈ سے ہے۔